گلگت(خصوصی رپورٹ)گلگت بلتستان اسمبلی نے وزیر اعلی اور سپیکر کی تنخواہ، مراعات اور الائونسز ایکٹ 2021 میں الگ الگ ترامیم کی متفقہ منظوری دی ہے۔ جس کے تحت وزیر اعلی کو تاحیات 2 گن مین، ایک کک، ایک ڈرائیور اور ایک اسسٹنٹ کی سہولت فراہم ہو گی۔ جبکہ سپیکر کیلئے بھی تاحیات ایک گن مین، ایک کک، ایک ڈرائیور اور ایک اسسٹنٹ کی سہولت ہو گی۔ یہ ترامیم جمعرات کے روز وزیر قانون غلام محمد نے ایوان میں پیش کی۔ جس کی کسی نے بھی مخالف نہیں کی جس پر سپیکر نذیر احمد ایڈووکیٹ نے ان ترامیم کی متفقہ طور پر منظوری کا اعلان کیا۔ ترامیم کے مطابق یہ بل بالترتیب وزیر اعلی گلگت بلتستان اور سپیکر گلگت بلتستان اسمبلی تنخواہ، الانس اور مراعات ترمیمی بل 2025 کہلائے گا۔گلگت بلتستان اسمبلی نے ایک قرارداد کی متفقہ طور پر منظوری دی ہے جس میں وفاقی حکومت اور وزیر اعظم پاکستان سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ گلگت شہر کیلئے فوری طور پر نئے طیارے خریدنے اور نئے طیاروں کی دستیابی تک متبادل طیاروں کی فراہمی یقینی بنانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ گلگت بلتستان کا یہ ایوان پچھلے دو ماہ سے گلگت کیلئے جہازوں کی عدم دستیابی کی وجہ سے شیڈول پروازیں منسوخ ہونے پر شدید تشویش کا اظہار کرتا ہے، اس صورتحال کے باعث نہ صرف سیاحوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے بلکہ مریضوں اور ہنگامی نوعیت کے مسافروں کو بھی ناقابل برداشت پریشانیوں کا سامنا ہے اور ساتھ ہی سیاحت کی صنعت کو بھی ناقابل تلافی نقصان پہنچ رہا ہے۔ گلگت بلتستان کی جغرافیائی اور موسمی صورتحال کے پیش نظر فضائی سفر یہاں کے عوام کی بنیادی ضرورت بن چکی ہے، تاہم پی آئی اے کے پاس طیارے کی قلت کی وجہ سے گلگت کیلئے پروازوں کا تسلسل برقرار رکھنا ممکن نہیں رہا جو کہ قابل افسوس امر ہے۔ لہذا یہ ایوان حکومت پاکستان بالخصوص وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف سے مطالبہ کرتا ہے کہ وزارت ہوابازی کو فوری طور پر نئے طیارے خریدنے کے احکامات صادر فرمائیں اور نئے طیاروں کی دستیابی تک متبادل طیاروں کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے تاکہ گلگت بلتستان کا دارلخلافہ گلگت کے لیے فضائی سفر ممکن ہو سکے اور متاثرہ سیاحوں و مریضوں کی مشکلات دور ہو سکیں۔ یہ قرارداد جمعرات کے روز امجد حسین ایڈووکیٹ نے ایوان میں پیش کی۔ تمام ممبران نے قرارداد کی حمایت کی جس پر سپیکر نذیر احمد ایڈووکیٹ نے قرارداد کی متفقہ منظوری کا اعلان کیا۔گلگت بلتستان اسمبلی نے آغا خان پراپرٹیز (جانیشی اور ٹرانسپفر)ایکٹ 2025 کی متفقہ طور پر منظوری دی ہے جس کے تحت پرنس کریم آغا خان چہارم کے نام پر گلگت بلتستان میں موجود جائیداد آغا خان پنچم کے نام منتقل ہو گی۔ جمعرات کے روز امجد حسین ایڈووکیٹ نے پرائیویٹ ممبر بل کے طور پر ایوان میں پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس بل کی منظوری کے بعد آغا خان چہارم کی گلگت بلتستان میں موجود جائیداد ان کے جانشین آغا خان پنجم کے سپرد کی جائے گی۔ تمام ممبران نے اس بل کے حق میں ووٹ دیا جس پر سپیکر نے بل کی متفقہ منظوری کا اعلان کیا۔گلگت بلتستان اسمبلی نے محکمہ برقیات سے متعلق دو اہم بلوں کی بھی منظوری دیدی۔ جمعرات کے روز ہونے والے اجلاس میں گلگت بلتستان انرجی ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن بل 2025 اور گلگت بلتستان ریگولیشن آف الیکٹرک پاور سروسز بل 2025 کی متفقہ منظوری دیدی۔ بل کی منظوری کے بعد وزیر برقیات مشتاق حسین نے کہا کہ ان دونوں بلوں کی منظوری کے بعد گلگت بلتستان میں لوڈشیڈنگ پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔
وزیراعلیٰ اور سپیکر کیلئے تاحیات مراعات ،ترامیم منظور
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل
