گزشتہ روز بھارت کی مقامی ( تامل انڈسٹری ) کے مشہور اداکار اور پروڈیوسر’ آریا’ کی نئی آنے والی فلم کی شوٹنگ کے دوران معروف اسٹنٹ مین ایس ایم راجو کی ہلاکت کا سبب بننے والے حادثے کی ویڈیو سامنے آگئی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ایس ایم راجو کو تامل انڈسٹری کے مشہور اسٹنٹ مین کے طور پر جانا جاتا تھا اور وہ متعدد تامل فلموں میں کام کرچکے تھے۔
بھارتی میڈیا کا بتانا ہے کہ مشہور اداکار اور پروڈیوسر’ آریا’ کی فلم ویتوان (Vettuvan ) کی شوٹنگ تامل ناڈو میں جاری تھی ، فلم کی شوٹنگ کے ہائی رسک کار سینز شوٹ کیے جانے کے دوران ایس ایم راجو اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔
حادثے کے دل دہلادینے والے مناظر سوشل میڈیا پر سامنے آگئے ہیں جس میں شوٹنگ کے دوران راجو کو تیز رفتار گاڑی میں خطرناک اسٹنٹ لیتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
تاہم اسی دوران ایس ایم راجو کی گاڑی حادثے کا شکار ہوگئی۔بعد ازاں ٹیم کے عملے کو چیختے چلاتے تباہ حال گاڑی کی طرف بھاگتے دیکھا گیا لیکن جب ارکان نے راجو کو گاڑی سے باہر نکالا تب تک وہ انتقال کرچکے تھے۔