700 سے زائد فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھانے والے سینیئر اداکار اور بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے سابق ایم ایل اے کوٹا سرینواسا راؤ 83 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق کوٹا سرینواسا راؤ کا انتقال اتوار کی صبح حیدرآباد دکن میں واقع رہائش گاہ پر ہوا، صرف 2 دن قبل ہی انہوں نے اپنی 83ویں سالگرہ منائی تھی۔
آندھرا پردیش سے تعلق رکھنے والے اداکارکوٹا سرینواسا راؤ کافی عرصے سے بیمار تھے۔
سرینواسا راؤ نے 1978 میں اپنے فلمی کیریئر کا آغاز کیا۔ 4 دہائیوں پر مشتمل اپنے شاندار کیریئر کے دوران انہوں نے 750 سے زائد فلموں میں اداکاری کی، جن میں تیلگو، تامل، کنڑ اور ہندی فلمیں شامل تھیں۔
وہ خصوصاً منفی کرداروں اور کیریکٹر رولز میں اپنی بہترین اداکاری کے لیے مشہور ہوئے۔
کوٹا سرینواسا راؤ کو ان کی بھارتی سنیما کے لیے خدمات پر کئی اعزازات سے نوازا گیا، جن میں 2015 میں ’پدما شری‘ ایوارڈ بھی شامل ہے۔
اداکاری کے علاوہ انہوں نے سیاست میں بھی قدم رکھا اور 1999 سے 2004 تک بھارتیہ جنتا پارٹی کے ایم ایل اے کےطور پر خدمات انجام دیں۔
بھارتی فلم انڈسٹری لیجنڈری اداکار کے انتقال پر سوگوار ہے اور ان کے مداحوں اور ساتھی فنکاروں کی جانب سے خراجِ عقیدت کا سلسلہ جاری ہے۔