حماس جنگ بندی نہیں چاہتی، ان کے لیڈروں کا شکار کرکے نجات حاصل کرنا ہوگی: ٹرمپ کی دھمکی

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ حماس جنگ بندی نہیں چاہتی، ان کے لیڈروں کا شکار کرکےنجات حاصل کرنا ہوگی۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سےگفتگو کرتے ہوئے دعویٰ کیاکہ حماس غزہ میں جنگ بندی اور یرغمالیوں کی رہائی کی خواہاں نہیں۔

صدر ٹرمپ نےکہا کہ امریکا نے غزہ سے بہت سے یرغمالیوں کو نکال لیا ہے اور جب آخری یرغمالی بھی نکال لیا جائے گا تو حماس کو معلوم ہے کہ اس کے بعد کیا ہوگا، اسی لیے وہ مذاکرات سے پیچھے ہٹ گئی ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ اب حماس سے نجات حاصل کرنا ہوگی اور ان کے لیڈروں کا شکار کیا جائے گا، ٹرمپ نے کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ حماس کے لوگ مرنا چاہتے ہیں۔

صدر ٹرمپ نے تجارتی معاہدوں سے متعلق بھی بات چیت کی اور بتایا کہ یکم اگست تک مزید تجارتی معاہدے ہوں گے۔

انہوں نے یورپی یونین کے ساتھ تجارتی معاہدے کے امکان کو ففٹی ففٹی قرار دیا جبکہ کینیڈا سے متعلق کہاکہ کینیڈا پر صرف ٹیرف عائد ہو سکتا ہے، بات چیت نہیں۔

انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ وہ نہیں چاہتے کہ امریکی کرنسی کمزور ہو۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز امریکا اور اسرائیل نے مصر اور قطر کی ثالثی میں دوحہ میں ہونے والے غزہ جنگ بندی مذاکرات سے اپنے وفود واپس بُلا لیے تھے۔

اس حوالے سے امریکی نمائندہ خصوصی اسٹیو وٹکوف نےدعویٰ کیا تھا کہ ثالثوں نے بہت کوشش کی لیکن حماس کی نیک نیتی اور غزہ جنگ بندی کی خواہش نظر نہیں آئی۔

غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق حماس نے غزہ میں جنگ بندی سے متعلق امریکی حمایت یافتہ تجاویز پر اپنا باضابطہ جواب ثالثوں(قطر اور مصر) کو جمع کرادیا تھا۔

ثالثین گزشتہ 2 ہفتوں سے زائد عرصے سے دوحہ میں اسرائیلی اور حماس کے وفود کے درمیان مذاکرات میں مصروف رہے لیکن مذاکرات میں کوئی بڑی پیش رفت حاصل نہیں ہو سکی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں