اوپن اے آئی کا طاقتور ترین اے آئی ماڈل جی پی ٹی 5 متعارف

اوپن اے آئی نے اپنا سب سے ایڈوانس آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ماڈل جی پی ٹی 5 متعارف کرا دیا ہے۔

کمپنی کے مطابق جی پی ٹی 5 تمام صارفین بشمول چیٹ جی پی ٹی کو مفت استعمال کرنے والے افراد کو بھی دستیاب ہوگا۔

اوپن اے آئی کا دعویٰ ہے کہ یہ نیا ماڈل پہلے سے زیادہ اسمارٹ، تیز رفتار اور بہت زیادہ کارآمد ہے، خاص طور پر مختلف شعبوں جیسے لکھنے، کوڈنگ اور طبی نگہداشت کے لیے۔

اوپن اے آئی کے چیف ایگزیکٹو سام آلٹمین نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ‘میں نے جی پی ٹی 4 کو دوبارہ استعمال کرکے دیکھا اور وہ نئے ماڈل کے مقابلے میں بہت بیکار محسوس ہوا’۔

خیال رہے کہ کمپنی کی جانب سے 2022 میں اے آئی چیٹ جی چیٹ جی پی ٹی متعارف کرایا گیا تھا جس کے بعد سے اسے بہت زیادہ مقبولیت ملی۔

کمپنی کے مطابق چیٹ جی پی ٹی کو ہر ہفتے استعمال کرنے والے افراد کی تعداد 70 کروڑ تک پہنچنے والی ہے۔

اب کمپنی کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ جی پی ٹی 5 کا hallucination ریٹ پہلے کے مقابلے میں بہت کم ہے جس کا مطلب ہے کہ یہ اے آئی ماڈل بہت کم گمراہ کن جوابات فراہم کرے گا۔

اوپن اے آئی نے مزید بتایا کہ جی پی ٹی 5 کی تیاری کے دوران اس کی کڑی جانچ پڑتال کی گئی اور 5 ہزار گھنٹے تک اسے ٹیسٹ کیا گیا۔

اب ممکنہ خطرناک سوالات کا جواب دینے سے انکار کرنے کی بجائے جی پی ٹی 5 کی جانب سے محفوظ طریقہ کار اختیار کیا جائے گا، یعنی یہ ماڈل ایسا ردعمل ظاہر کرے گا جس سے کسی قسم کا نقصان نہ پہنچے۔

پریس بریفننگ کے دوران اوپن اے آئی کی جانب سے مظاہرہ کیا گیا کہ جی پی ٹی کی جانب سے وائب کوڈنگ کو کیسے استعمال کیا جاتا ہے۔

وائب کوڈنگ سے مراد کسی صارف کی جانب سے سادہ تحریری ہدایات کے ذریعے اے آئی پر مبنی سافٹ وئیر تیار کرنا ہے۔

بریفننگ کے دوران کمپنی کی جانب سے جی پی ٹی 5 کو ایک ویب ایپ تیار کرنے کی ہدایت کی گئی جس سے انگلش بولنے والا فرد فرنچ زبان سیکھ سکے۔

اوپن اے آئی نے 2 جی پی ٹی 5 ونڈوز میں ایک جیسی تحریری ہدایات درج کیں اور اے آئی ماڈل نے سیکنڈوں میں 2 مختلف ایپس تیار کردیں۔

کمپنی کے مطابق ایپس میں کچھ خامیاں موجود ہیں مگر صارفین ان میں مزید تبدیلیاں کرسکتے ہیں جیسے بیک گراؤنڈ بدل سکتے ہیں یا اضافی ٹیبز ایڈ کرسکتے ہیں۔

یہ نیا اے آئی ماڈل 7 اگست سے چیٹ جی پی ٹی کے پلس، پرو اور ٹیم صارفین کے ساتھ ساتھ اسے مفت استعمال کرنے والوں کو بھی دستیاب ہے۔

یہ پہلی بار ہے جب چیٹ جی پی ٹی کے مفت صارفین کو کمپنی کے سب سے ایڈوانسڈ ماڈل تک رسائی دی جا رہی ہے۔

مگر مفت صارفین کے لیے ایک حد مقرر کی گئی ہے جس کے بعد انہیں جی پی ٹی 5 منی پر منتقل کر دیا جائے گا۔

اوپن اے آئی کے پلس صارفین کی حد زیادہ ہوگی جبکہ پرو صارفین کے لیے کوئی حد نہیں اور انہیں جی پی ٹی 5 کے ساتھ جی پی ٹی 5 پرو تک بھی رسائی حاصل ہوگی۔

اوپن اے آئی کا نیا ماڈل مائیکرو سافٹ پراڈکٹس کا بھی حصہ بنایا جا رہا ہے اور مائیکرو سافٹ 365 کو پائلٹ کو جی پی ٹی 5 سے اپ گریڈ کیا جا رہا ہے۔

کمپنی کی جانب سے ڈویلپرز کے لیے اس اے آئی ماڈل کے 3 مختلف ورژنز متعارف کرائے جا رہے ہیں۔

جی پی ٹی 5، جی پی ٹی 5 منی اور جی پی ٹی 5 نانو ورژنز ڈویلپرز کو دستیاب ہوں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں