بلتستان یونیورسٹی کی سڑک خستہ حال ،آمدورفت میں سنگین مشکلات

سکردو(نمائندہ خصوصی)یونیورسٹی آف بلتستان سکردو روڈ کی عدم تعمیر پر طلبہ نے شدید خدشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سڑک کی خستہ حالی اور دھول مٹی کی وجہ سے انہیں اور اساتذہ کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔طلبہ کا کہنا ہے کہ یونیورسٹی کے نئی عمارت میں منتقلی سے قبل ضلعی و ڈویژنل انتظامیہ اور حکومت نے بارہا یقین دہانی کرائی تھی کہ روڈ کی تعمیر جلد مکمل کی جائے گی، لیکن تاحال کسی قسم کے عملی اقدامات دیکھنے میں نہیں آ رہے۔ سڑک کی مخدوش حالت کے باعث موٹر سائیکل اور گاڑیوں پر یونیورسٹی جانا دشوار ہو چکا ہے، جبکہ بسوں کو بھی نقصان پہنچ رہا ہے۔ طلبہ کا کہنا تھا کہ یونیورسٹی انتظامیہ کی جانب سے بارہا متعلقہ حکام کو مراسلے بھیجے گئے، ملاقاتیں کی گئیں اور مختلف فورمز پر درخواستیں دی گئیں، لیکن کہیں شنوائی نہیں ہوئی۔ طلبہ کا کہنا ہے کہ اگر عید کے بعد بھی سڑک کی تعمیر کا کام شروع نہ کیا گیا تو وہ احتجاج کرنے پر مجبور ہو جائیں گے۔طلبہ نے مزید کہا کہ انہیں یونیورسٹی انتظامیہ سے کوئی شکوہ نہیں، کیونکہ یونیورسٹی انتظامیہ نے بروقت نئی عمارت میں تعلیمی سرگرمیوں کا آغاز کر کے اپنا وعدہ پورا کیا ہے۔ اب یہ حکومت اور متعلقہ اداروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ سڑک کی تعمیر جلد از جلد مکمل کریں۔طلبہ نے وزیر اعلی گلگت بلتستان اور چیف سیکریٹری گلگت بلتستان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر سڑک کی خستہ حالی کا نوٹس لیں اور اس کی تعمیر کا آغاز کروائیں، بصورت دیگر طلبہ احتجاج کرنے پر مجبور ہو جائیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں