بنگلادیش میں سبز ہلالی پرچموں کی بہار،یوم آزادی پر پاکستانی جھنڈوں کی ریکارڈ فروخت

پاکستان کے یومِ آزادی 14 اگست کی مناسبت سے بنگلا دیش میں ایک دلچسپ اور خوشگوار رجحان دیکھنے میں آیا ہے جہاں پاکستانی قومی پرچموں کی فروخت میں ریکارڈ اضافہ ہوا۔

بنگلا دیش کی شاہراؤں، دکانوں اور بازاروں میں پاکستانی پرچموں کی بہار دیکھنے کو ملی جنھیں خریدنے کے لیے شہری جوق در جوق آ رہے تھے۔

اسی طرح ای کامرس پلیٹ فارمز نے بھی دعویٰ کیا کہ رواں برس پاکستانی پرچموں کی طلب میں غیر معمولی اضافہ دیکھا گیا جو پچھلے برسوں کے مقابلے میں کئی گنا زیادہ ہے۔

اس رجحان نے نہ صرف عوامی سطح پر حیرت اور دلچسپی کو جنم دیا ہے بلکہ سوشل میڈیا پر بھی دونوں ممالک کے صارفین کے درمیان اس حوالے سے گفتگو جاری ہے۔

دارالحکومت ڈھاکا میں مقامی شہریوں نے اس جذبے کو یکجہتی کا اظہار، ثقافتی دلچسپی اور برادر مسلم ملک کے ساتھ دیرینہ دوستی قرار دیا۔

فروخت کنندگان کا کہنا تھا کہ زیادہ تر آرڈرز اگست کے پہلے ہفتے سے موصول ہونا شروع ہوگئے تھے۔ یومِ آزادی کے سے پہلے پہلے تمام آرڈرز ترسیل کرنا ایک کڑا ہدف تھا۔

جنوبی ایشیائی ممالک کے امور کے ماہرین نے تسلیم کیا کہ اگرچہ یہ رجحان غیر معمولی ہے لیکن یہ دونوں ممالک کے درمیان موجود گہرے تاریخی اور ثقافتی روابط کی عکاسی کرتا ہے۔

اس سے یہ بھی ظاہر ہوتا ہے کہ قومی پرچم جیسے ثقافتی علامات سرحدوں سے ماورا ہو کر بھی لوگوں کے دلوں میں جگہ بناتی ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں