بنگلہ دیش میں سول نافرمانی کی تحریک شروع کردی گئی ہے اور تحریک کے پہلے روز ہونے والے مظاہروں،جھڑپوں اوردیگر پرتشددو اقعات میں 72افراد جاں بحق اور سینکڑوں زخمی ہوگئے ہیں مارے گئے افراد میں 14پولیس اہلکار بھی شامل ہیں ، وزیر اعظم حسینہ واجدنے ملک بھر میں کرفیو کا اعلان کرتے ہوئے طلبا کو دہشتگرد اور تخریب کار قرار دے دیاہے ،وزیراعظم نے اپنی جماعت عوامی لیگ کے کارکنوں کوبھی ہدایت کی ہے کہ وہ مظاہرین سے مقابلے کے لئے باہر نکلیں اور انھیں کچل دیں ،حسینہ واجد کی ہدایات پر عوامی لیگ کے کارکنوں نے مختلف مقامات پر مظاہرین پر حملے کئے،جس سے پرامن مظاہرے پرتشدد واقعات میں تبدیل ہوگئے،بنگلہ دیش میں اتوار کو طلبا ءنے سول نافرمانی کی تحریک کے آغاز پر ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے کئے ،مظاہرین وزیراعظم حسینہ واجد سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کررہے تھے ،اس دوران مظاہرین پولیس اور سیکورٹی فورسز کے درمیان ہونے والی جھڑپوں میں72افراد جاں بحق اور 254زخمی ہوگئے ، پولیس نے وزیر اعظم شیخ حسینہ کے استعفے کا مطالبہ کرنے والے ہزاروں مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کا استعمال کیا اور دستی بم پھینکے۔وزارت داخلہ نے اتوار کی شام 6 بجے سے ملک بھر میں غیر معینہ مدت کے لیے کرفیو کا اعلان کر دیا ہے، یہ پہلا موقع ہے جب حکومت نے گزشتہ ماہ شروع ہونے والے مظاہروں کے دوران ایسا قدم اٹھایا ہے۔دارالحکومت ڈھاکہ اور شمالی اضلاع بوگرا، پبنا اور رنگ پور کے علاوہ مغرب میں مگورا، مشرق میں کومیلا اور جنوب میں بریسال اور فینی میں ہلاکتوں کی اطلاع ملی ہیں۔ادھر بنگلہ دیشی وزیراعظم شیخ حسینہ واجد نے کہا کہ احتجاج کرنے والے طالب علم نہیں بلکہ دہشتگرد ہیں اور انہوں نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ ان دہشتگردوں اور تخریب کاروں کے ساتھ سختی سے نمٹیں۔پرتھوم الو اخبار کے مطابق انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں احتجاج کے نام پر تخریب کاری میں ملوث افراد طالب علم نہیں بلکہ دہشت گرد ہیں۔ اخبار نے وزیر اعظم آفس کے ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ حسینہ واجد نے گن بھون میں سلامتی امور سے متعلق قومی کمیٹی کا اجلاس بھی طلب کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ میں ہم وطنوں سے اپیل کرتی ہوں کہ وہ ان دہشتگردوں کو آگے بڑھ کر کچل دیں۔ اجلاس میں آرمی، نیوی، ایئر فورس، پولیس، آر اے بی، بی جی بی اور دیگر اعلی سیکورٹی افسران نے شرکت کی۔
بنگلہ دیش، سول نافرمانی،مظاہرے،جھڑپیں،72جاں بحق
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل
