کراچی(آئی این پی )وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ کراچی میں 200 ملی میٹر بارش سے اربن فلڈنگ ہوئی جس پر معذرت خواہ ہیں، یہ نہیں ہونا چاہیے تھا، مگر بٹن دبا کر سارا پانی نہیں نکال سکتے۔ایک نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ کراچی میں 200 ملی میٹر بارش ہوئی جس کے نتیجے میں اربن فلڈنگ ہوئی، اتنی بارش کے بعد بٹن دباکر سارا پانی نہیں نکال سکتے۔وزیراعلی سندھ نے کہا کہ کراچی میں بارش سے اربن فلڈنگ کی صورتحال نہیں ہونی چاہیے تھی اس کے لیے معذرت خواہ ہیں۔وزیراعلی سندھ نے مزید کہا کہ لوگوں سے التجا ہے کہ حکومت کی بات سنا کریں، ہم نے عوام سے کہا کہ بارش میں جہاں ہیں، وہیں بیٹھے رہیں مگر لوگ سڑکوں پر نکل آئے، ساری شاہراہ فیصل جام تھی، ہمیں روڈ بند کرکے لوگوں کو روکنا چاہیے تھا جو نہیں کیا، یہ بات مانتے ہیں۔مراد علی شاہ نے کہاکہ تنقید کی گئی کہ نالے چوک ہیں، اگر نالے چوک تھے تو5،6 گھنٹے میں سارا پانی کیسے نکل گیا۔وزیراعلی نے طوفانی بارش کی پیشگوئی بروقت آگاہ نہ کیے جانے کا شکوہ کرتے ہوئے کہا کہ منگل کو بارش شروع ہوئی تو وہ میئر کراچی، چیف سیکریٹری، ایم ڈی واٹر کارپوریشن سمیت دیگر حکام کے ساتھ اجلاس میں مصروف تھے تاہم اس وقت طوفانی بارش کے حوالے سے کوئی پیشگی اطلاع نہیں دی گئی تھی۔دریں اثنا، وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ کو شہر کراچی کی برساتی صورتحال پر کمشنر کراچی کی جانب سے بریفنگ دی گئی ہے۔ترجمان وزیراعلی سندھ کے مطابق کمشنر کراچی حسن نقوی نے بتایا کہ شہر کی بیشتر مارکیٹوں سے برساتی پانی نکالا جا چکا ہے، مارکیٹوں میں کاروباری سرگرمیاں بحال ہیں، شہر بھر میں تمام انتظامی اور بلدیاتی ادارے مل کر کام کر رہے ہیں۔وزیراعلی سندھ نے کہاکہ برساتی صورتحال کی خود مانیٹرنگ مانیٹرنگ کر رہا ہوں، شہریوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنا ہماری ترجیح ہے، تمام ادارے عوامی ریلیف کے لیے ہم آہنگی کے ساتھ کام کریں۔
کراچی میں فلڈنگ پر معذرت خواہ ہیں، بٹن دبا کر سارا پانی نہیں نکال سکتے، وزیراعلی سندھ
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل
