پشاور(آئی این پی )خیبر پختونخوا میں ہونے والی بارشوں اور فلش فلڈ کے باعث مختلف حادثات میں اب تک جاں بحق افراد کی تعداد 393 اور زخمیوں کی تعداد 190 تک پہنچ گئی جبکہ خیبر پختونخوا حکومت نے سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے فنڈز اکاونٹ نمبر جاری کر دیا۔ پی ڈی ایم اے کی جانب سے ہونے والی بارشوں اور فلش فلڈ کے باعث خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں اب تک ہونے والے جانی و مالی نقصانات کی رپورٹ جاری کر دی گئی۔ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق جاں بحق افراد میں 300 مرد، 53 خواتین اور 40 بچے شامل ہیں جبکہ زخمیوں میں 145 مرد، 27 خواتین اور 18 بچے شامل ہیں۔بارشوں اور فلش فلڈ کے باعث اب تک کی رپورٹ کے مطابق مجموعی طور پر 1618 گھروں کو نقصان پہنچا، جس میں 1185 گھروں کو جزوی اور 433 گھر مکمل منہدم ہوئے۔سیلاب سے زیادہ متاثرہ ضلع بونیر میں اب تک مجموعی طور پر جاں بحق افراد کی تعداد 234 اور صوابی میں 42 ہوگئی۔ حادثات صوبے کے مختلف اضلاع سوات، بونیر، باجوڑ، مانسہرہ، شانگلہ، دیر لویر اور بٹگرام، صوابی میں پیش آئے۔پی ڈی ایم اے کی جانب سے متاثرہ اضلاع کی انتظامیہ کو امدادی سرگرمیاں تیز کرنے اور متاثرین کو فوری معاونت فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔پی ڈی ایم اے کا ایمرجنسی آپریشن سینٹر مکمل طور پر فعال ہے۔ عوام کسی بھی نا خوشگوار واقعے کی اطلاع، موسمی صورتحال سے آگائی اور معلومات کے لیے فری ہیلپ لائن 1700 پر رابطہ کریں۔ دریں اثناءخیبر پختونخوا حکومت نے سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے فنڈز اکاونٹ نمبر جاری کر دیا۔مشیر خزانہ خیبر پختونخوا مزمل اسلم کے مطابقفنڈز براہ راست پی ڈی ایم اے کے اکاونٹس میں جائیں گے جو سیلاب متاثرین کے ریلیف ورک کیلئے استعمال کیے جائیں گے۔ مشیر خزانہ کا کہنا تھا کہ عطیات اور فنڈز خیبر بینک کے اکاونٹ نمبر 3007471342 میں جمع کرائے جا سکتے ہیں، خیبر پختونخوا حکومت سیلاب سے متاثرہ اضلاع کیلئے اب تک 4 ارب روپے کی امداد رقم جاری کر چکی ہے۔
پختونخوا میں بارشوں اور فلش فلڈ سے حادثات، جاں بحق افراد کی تعداد 393 ہوگئی
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل
