صدر ٹرمپ کے دور میں پاک امریکہ تعلقات میں وسعت اور گرمجوشی آئی ،محسن نقوی

اسلام آباد (آئی این پی ) وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دور میں پاک امریکہ تعلقات میں وسعت اور گرمجوشی آئی ہے،پاکستان امن کیلئے اٹھائے ہر قدم کا خیر مقدم کرتا ہے۔وفاقی وزیر داخلہ سے امریکہ کی قائم مقام سفیر نیٹلی بیکر نے ملاقات کی ،جس میں پاک امریکہ تعلقات،انسداد دہشت گردی اور انسداد منشیات کے حوالے سے اشتراک کار پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔قائم مقام امریکی سفیر نیٹلی بیکر نے نشان امتیاز ملنے پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کو مبارکباد دی اوران کے لئے نیک خواہشات کا اظہارکیا۔ امریکی سفیرنے پاکستان خصوصاخیبرپختونخوا میں بارشوں و سیلابی ریلوں کے باعث جانی نقصان پر اظہار افسوس کیااورکہاکہ ہماری تمام تر ہمدردیاں جاں بحق افراد کے خاندانوں کے ساتھ ہیں۔ وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے پائیدار عالمی امن کیلئے مخلصانہ اقدامات پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی غیر معمولی کاوشوں کو سراہااورکہاکہ پاک بھارت سمیت 4 جنگیں رکوا کر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے انسانیت کی خدمت کی ہے،امید ہے کہ امریکی صدر کی روس یوکرائن اور غزہ میں جنگ بندی کی کاوشیں بھی بار آور ہوں گی۔ محسن نقوی نے کہاکہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دور میں پاک امریکہ تعلقات میں وسعت اور گرمجوشی آئی ہے،پاکستان امن کیلئے اٹھائے ہر قدم کا خیر مقدم کرتا ہے۔ قائم مقام امریکی سفیرنے اس موقع پر کہاکہ پاکستان ہمارا اہم دوست ملک ہے،اس کے ساتھ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں