اسرائیلی فوج کا الشفاء ہسپتال پردوسری بار حملہ ، سعودیہ کی مذمت

 اسرائیل فوج نے غزہ پر قیامت ڈھا دی ہے ، قابض فوج کے جاری مظالم میں الشفا ہسپتال پر دوبارہ دھاوا بولا گیا ہے جس سے ہسپتال کے جنوبی و داخلی راستے مکمل تباہ ہوگئے ۔عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی فوج نے غزہ کے سب سے بڑے ہسپتال میں دوبارہ آپریشن کیا ہے، جہاں 2 ہزار سے زائد شہری پناہ لیے ہوئے ہیں ۔خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق غزہ میں اسرائیلی فوجی آپریشنز کے سربراہ میجر جنرل یارون فنکلمین نے ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں کہا کہ آج رات ہم نے الشفا ہسپتال میں ٹارگٹڈ آپریشن کیا، ہم آگے بڑھتے رہیں گے۔غزہ کی وزارت صحت نے کہا ہے کہ اسرائیلی بلڈوزروں نے ہسپتال کے جنوبی داخلی راستے کے کچھ حصوں کو تباہ کر دیا ، اسرائیلی فوجی ہسپتال میں موجود 200 کے قریب لوگوں کو حراست میں لے لیا گیا۔اسرائیل اور اس کے سرکردہ اتحادی ملک امریکا دونوں کا دعویٰ ہے کہ الشفا کمپلیکس کے نیچے حماس کا کمانڈ سینٹر ہے، حماس اور ہسپتال کے ڈائریکٹرز نے ان دعووں کی تردید کی ہے۔ادھر میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی فوج نے دعوی کیا ہے کہ اسرائیلی لڑاکا طیاروں نے غزہ میں حماس کے رہنما اسمعٰیل ہنیہ کے گھر کو نشانہ بنایا ہے۔خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا کہ اسمعٰیل ہنیہ کے گھر کو دہشت گردی کے مرکزی ٹھکانے کے طور پر استعمال کیا جاتا رہا ہے۔اسرائیلی فوج نے مزید دعویٰ کیا کہ اسرائیلی شہریوں اور آئی ڈی ایف (اسرائیل ڈیفنس فورسز) کے فوجیوں پر حملوں کی ہدایت دینے کے لیے اکثر حماس کے سینیئر رہنما اسمعٰیل ہنیہ کے گھر پر جمع ہوتے رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں