امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ سیاسی جماعتوں کو مساوی مواقع نہ ملے تو انتخابات متنازع ہوجائیں گے،مزید انتشار پھیلے گا، استحکام کا دارومدار الیکشن کمیشن اور نگران حکومت کے فیصلوں پر ہے، دونوں آئینی ذمہ داری پوری کریں، مہنگائی، بے روزگاری سے پسی عوام میں مایوسی و بے چینی بڑھ رہی ہے، ملک کو صاف شفاف انتخابات چاہییں۔ قومی سیاست پر گزشتہ 75برسوں سے ظالم جاگیردار اور کرپٹ سرمایہ دار مسلط ہیں، ان کے پاس سرمائے کے علاوہ اور کچھ نہیں، یہ دولت سے ہی پولنگ سٹیشن خریدتے ہیں، سیاست افراد اور خاندانوں کے گرد گھومتی رہی تو سوسال میں بھی بہتری نہیں آئے گی۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے خانیوال میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ خانیوال میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کچھ لوگ پرانے الفاظ کو نیا بنا کر پیش کررہے ہیں،نتیجہ وہی ڈھاک کے تین پات نکلے گا، خوشحالی کی نوید سنانے والوں کے ادوار حکومت میں قوم نے صرف بدحالی دیکھی۔ امیر جماعت نے کہا کہ ملک میں حکمرانوں کے اثاثوں میں اضافہ ہوتا رہا، قومی خزانہ خالی ہوگیا، مہنگائی سابقہ حکمرانوں کی غلط پالیسیوں کا نتیجہ ہے، حکمرانوں نے قرض لے کر خود ہڑپ کیے، ادائیگی کے لیے سارا بوجھ عوام پر ڈالا گیا، حکمران اشرافیہ خود ٹیکس نہیں دیتی، ان کے پروٹوکول اور مراعات میں کبھی کمی نہیں آئی۔ انھوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں عام آدمی کے لیے بچوں کا پیٹ پالنا مشکل ہو گیا، بجلی اور گیس کے بل موت کے پروانے بن گئے، غربت کی وجہ سے تین کروڑ بچے سکولوں سے باہر ہیں، 80فیصد عوام پینے کے صاف پانی سے محروم ہے،لوگ بوڑھے والدین کا علاج کرانے کی سکت نہیں رکھتے، نوجوان مایوس ہو کر ملک سے بھاگ رہے ہیں۔
مساوی مواقع نہ ملے تو انتخابات متنازع ہو جائیں گے، سراج الحق
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل
