ایرانی عوام سے اظہار یکجہتی، اسرائیلی حملے کے خلاف مظاہرے ،ریلیاں

گلگت،سکردو (چیف رپورٹر) ایران پر اسرائیلی حملے کے خلاف سکردو کے مختلف میں مقامات اور خپلومیں احتجاجی مظاہرے کئے گئے احتجاج کی کال انجمن امامیہ بلتستان نے دی تھی مجلس وحدت المسلمین اسلامی تحریک تحریک بیداری مصطفی سمیت تمام سیاسی مذہبی تنظیموں کے اکابرین بھی مظاہروں میں شریک ہوئے اپوزیشن لیڈر کاظم میثم بھی ریلی کی پہلی صف میں دکھائی دئیے سکردو میں سب سے بڑی ریلی جامع مسجد سکردو سے نماز جمعہ کے بعد نکالی گئی جو یادگار چوک پر پہنچ کر جلسے میں بدل گئی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ایم ڈبلیو ایم کے صوبائی صدر سید علی رضوی اپوزیشن لیڈر کاظم میثم انجمن امامیہ کے نائب صدر شیخ زاہد علی زاہدی اسلامی تحریک کے رہنما شیخ احمد ترابی اور دیگر نے کہاکہ اب گیم فائنل رانڈ میں داخل ہوگئی اب امریکہ اور اسرائیلی کے دن گنے جاچکے ہیں امریکہ اور اس کے حواری منطقی انجام کو پہنچیں گے اب اسرائیل صفحہ ہستی سے مٹ جائے گا انہوں نے کہاکہ جگہ جگہ پر امریکہ اور اسرائیلی مصنوعات کو نقصانات پہنچائیں گے دکاندار امریکہ اور اسرائیل کی مصنوعات کا مکمل بائیکاٹ کریں ورنہ حالات کے ذمہ دار امریکہ اور اسرائیل کی مصنوعات فروخت کرنے والے خود ہونگے ایران پر حملہ پوری امت مسلمہ پر حملہ ہے مگر مسلم حکمران بے غیرتی کا مظاہرہ کررہے ہیں۔مرکزی انجمن امامیہ گلگت کی زیر سرپرستی اور مجلس وحدت المسلمین کے زیر انتظام بعداز نماز جمعہ اسرائیلی جارحیت کے خلاف ایک احتجاجی ریلی کا انعقاد کیا گیا، جس میں عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور اسرائیل کے حالیہ حملے، جو ایران پر رات کی تاریکی میں کیا گیا، کی شدید مذمت کی گئی۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ اسرائیل ایک دہشتگرد ریاست بن چکی ہے جو کبھی فلسطین، کبھی لبنان اور اب ایران پر حملہ آور ہو کر پورے عالم اسلام کے خلاف کھلی جنگ چھیڑ چکی ہے، جبکہ مسلمان ممالک کی خاموشی باعث تشویش اور شرمناک ہے، خاص طور پر وہ عرب ریاستیں جو ایسے نازک موقع پر نہ صرف خاموش ہیں بلکہ امریکی صدر کو عرب دنیا میں خوش آمدید کہہ کر اس کے ساتھ تجارتی و سفارتی تعلقات کو فروغ دے رہی ہیں۔ مقررین نے مصر کی حکومت کی جانب سے فلسطین کی امداد روکنے کو انسانیت کے خلاف جرم قرار دیا اور کہا کہ فلسطینی عوام، جو روز اسرائیلی مظالم کا نشانہ بن رہے ہیں، کے لیے آواز اٹھانا ہر مسلمان کا دینی و اخلاقی فریضہ ہے۔ مقررین نے خبردار کیا کہ اگر آج اسرائیل کو نہ روکا گیا تو وہ کل پاکستان سمیت دیگر مسلم ممالک کو بھی نشانہ بنا سکتا ہے، اور پاکستان پر ماضی میں بھارتی حملے کے وقت جس طرح ایران نے کھل کر پاکستان کا ساتھ دیا، آج وقت ہے کہ پاکستان بھی ایران کے ساتھ مکمل اظہار یکجہتی کرے اور اسلامی اخوت کا عملی مظاہرہ کرے۔ ریلی میں اس امر پر زور دیا گیا کہ اسلامی ممالک کا اتحاد اب محض بیانات سے آگے بڑھے اور اقوام متحدہ سمیت عالمی اداروں سے فوری مطالبہ کیا گیا کہ وہ اسرائیل کو لگام دیں، کیونکہ اب اسرائیل کھل کر مسلمانوں کا دشمن بن کر سامنے آ چکا ہے، اور ایسی صورتحال میں خاموشی یا اسرائیل کا ساتھ دینا اسلام سے غداری کے مترادف ہے۔ ریلی کے اختتام پر اسرائیلی حملے میں شہید ہونے والے ایرانی جرنیل ،سائنسدان اور دیگرشہدا کے اہلِ خانہ سے اظہار ہمدردی کیا گیا اور ان شہدا کے درجات کی بلندی، زخمیوں کی جلد صحتیابی اور عالم اسلام کے اتحاد و بیداری کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں