نوجوانوں کو سہولیات فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہیں،راجہ ناصر

گلگت(پ ر)قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی میں نیشنل ہیومن ڈویلپمنٹ رپورٹ (این ایچ ڈی آر2024)رپورٹ کے تحت ڈیجیٹل تبدیلی کے موضوع پر ایک اہم سیشن کا انعقاد کیا گیا۔ شعبہ تعلقات عامہ کے آئی یو کے مطابق یہ سیشن یو این ڈی پی پاکستان، کوڈ پاکستان اور کے آئی یو کے تعاون سے منعقد ہوا۔ جس میں صوبائی وزیر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ راجہ ناصر علی خان، وائس چانسلر کے آئی یو پروفیسر ڈاکٹر عطا اللہ شاہ، یو این ڈی پی پاکستان کی ڈپٹی ریزیڈنٹ نمائندہ وان نگیئن، مختلف اداروں کے ذمہ داران، سکولوں، کالجوں، یونیورسٹی کے طلبہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔سیشن کا مقصد نیشنل ہیومن ڈویلپمنٹ رپورٹ (این ایچ ڈی آر) 2024 رپورٹ کے تحت پاکستان میں ڈیجیٹل ٹیکنالوجیز کو انسانی ترقی کے لیے استعمال کرنے اور ڈیجیٹل ٹولز تک مساوی رسائی کی ضرورت پر زور دینا تھا۔سیشن سے خطاب کرتے ہوے صوبائی وزیر راجہ ناصر علی خان نے کہا کہ حکومت 2021 سے یوتھ کو سہولیات فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہے۔ نوجوان ملکی ترقی کے چمکتے ستارے اور مستقبل کے امید ہیں اور ان کا کردار کلیدی ہے۔انہوں نے وائس چانسلر ڈاکٹر عطا اللہ شاہ کی معیاری تعلیم و تحقیق کے لیے کاوشوں کو سراہا۔ وائس چانسلر کے آئی یوپروفیسر ڈاکٹر عطا اللہ شاہ نے استقبالیہ کلمات میں کہا کہ ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن معاشرے کی ترقی کے لیے ناگزیر ہے۔ ہم نے کے آئی یو کو مکمل ڈیجیٹلائز کر دیا ہے اور مزید ترقی کے لیے یو این ڈی پی سمیت دیگر اداروں کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں۔یو این ڈی پی کی ڈپٹی ریزیڈنٹ نمائندہ وان نگیئن نے کہا کہ دنیا تیزی سے ڈیجیٹل تبدیلی کی طرف بڑھ رہی ہے اور ہمیں بھی اس سمت میں آگے بڑھنے کی ضرورت ہے۔ سیشن میں دو ”ٹیک ٹیلز” سیشنز بھی منعقد ہوئے جہاں کاروباری افراد نے ٹیکنالوجی کے ذریعے سماجی رکاوٹوں کو دور کرنے کے تجربات شیئر کیے۔ ”ٹیک ٹیلز” میں چار انٹرپرینیورز نے شرکت کی۔واضح رہے کہ سیشن کا ہدف این ایچ ڈی آر 2024 کے نتائج سے آگاہی، ڈیجیٹل رسائی پر مکالمہ، اور سرکاری و نجی شعبے، سول سوسائٹی، بینکوں، میڈیا، اور نوجوانوں کے لیے سہولت بخش ماحول بنانا تھا۔ گلگت بلتستان میں ڈیجیٹل ٹولز کے ذریعے کاروباری کارکردگی، مارکیٹ تک رسائی، اور جغرافیائی چیلنجز کے خاتمے پر توجہ دینا ہے۔یہ سیشن خطے میں ڈیجیٹل تبدیلی کے فروغ اور معاشی ترقی کے لیے ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں