نئی نسل کو منشیات سے پاک معاشرہ دے کر رہیں گے، محسن نقوی

اسلام آباد(آئی این پی )وفاقی وزیر داخلہ و نارکوٹکس کنٹرول محسن نقوی نے کہا ہے کہ منشیات سے پاک معاشرہ نئی نسل کا حق ہے اور یہ حق انہیں دے کر رہیں گے۔منشیات کے استعمال و غیر قانونی سمگلنگ کیخلاف عالمی دن پر پیغام میں وفاقی وزیر محسن نقوی کا کہنا تھا کہ منشیات کے استعمال کا بڑھتا ہوا خطرہ ہر معاشرے کیلئے چیلنج بن چکا ہے، اقوام عالم کو مشترکہ اقدامات سے منشیات کے استعمال کے آگے بند باندھنا ہوگا، پاکستان اس جنگ میں دنیا کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے نیشنل اینٹی نارکوٹکس پالیسی کے تحت منشیات کے استعمال اور سمگلنگ کے خلاف جامع اقدامات کئے ہیں اور اے این ایف کا اس ضمن میں کردار قابل ستائش ہے، اینٹی نارکوٹکس فورس کے افسران اور جوانوں نے منشیات سے پاک معاشرے کی جدوجہد میں قیمتی جانیں قربان کی ہیں، اے این ایف کے شہدا کی عظیم قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ قوم تمام شہدا کو سلام پیش کرتی ہے جنہوں نے یہ جنگ اپنے خون سے لڑی، یہ عزم ہماری اجتماعی طاقت کی علامت ہے، منشیات کے استعمال اور سمگلنگ کے خلاف جنگ جیتنے کیلئے سب کو شانہ بشانہ کام کرنا ہوگا۔محسن نقوی نے مزید کہا کہ منشیات سے پاک معاشرہ نئی نسل کا حق ہے اور یہ حق انہیں دے کر رہیں گے، منشیات فروش انسانیت اور نوجوان نسل کے بدترین دشمن ہیں، ایسے عناصر کو نشان عبرت بنانے کا قومی عزم رکھتے ہیں، آئیے منشیات کے استعمال اور سمگلنگ کے خلاف ہم ایک صحت مند معاشرے کی تشکیل کیلئے اپنی کاوشوں کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کریں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں