ملک بھر میں مون سون کی بارشیں جاری، گرمی کا زور ٹوٹ گیا

اسلام آباد،لاہور،پشاور ،کراچی (آئی این پی )ملک بھر میں مون سون کی بارشوں کا سلسلہ شروع ہو گیا، لاہور سمیت پنجاب بھر میں موسلا دھار بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا جبکہ بارش کے باعث چھتیں گرنے سے ایک بچی جاں بحق جبکہ 4افراد زخمی ہوگئے ،درجنوں فیڈرز ٹرپ ہونے سے کئی علاقوں میں بجلی بند ہوگئی ۔وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور راولپنڈی میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، میانوالی، فیصل آباد، سانگلہ ہل، پاکپتن، ٹوبہ ٹیک سنگھ، حجرہ شاہ مقیم، خوشاب، جوہرآباد اور گردونواح میں بھی بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا، بارش کے باعث نشیبی علاقے زیرآب آگئے۔ادھر صوبائی دارالحکومت لاہور کے مختلف علاقوں گڑھی شاہو، قلعہ گجر سنگھ، مال روڈ، فیروز پور روڈ، ماڈل ٹاﺅن، ٹاﺅن شپ، کینال روڈ، ہربنس پورہ ،کاہنہ، جلو موڑ، تاج باغ اور دیگر علاقوں میں بادل برس پڑے جس سے موسم خوشگوار ہو گیا۔لاہور میں بارش کے بعد درجنوں فیڈرز ٹرپ ہونے سے کئی علاقوں میں بجلی بند ہوگئی جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایات پر واسا الرٹ ہے، ایم ڈی واسا نے تمام فیلڈ ٹیموں کو متحرک رہنے کی ہدایت کی ہے۔اس کے علاوہ مری اور آزاد کشمیر میں بھی بادل برسے، مالم جبہ، کالام اور دیگر شہروں میں بارش ہوئی، ایبٹ آباد میں بارش کے باعث ندی دوڑ میں طغیانی آگئی، بالائی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ سے مرکزی شاہراہ بند ہوگئی، متعدد سیاح پھنس گئے۔نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے )نے آئندہ 12 سے 24 گھنٹے کیلئے طوفان اور بارشوں کا الرٹ جاری کر دیا۔صوبائی حکومتوں کی جانب سے مون سون کی بارشوں کے پیش نظر انتظامی معاملات بہتر بنانے کے اعلانات کیے گئے ہیں۔دوسری جانب پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش کے باعث حادثات میں ایک بچی جاں بحق جبکہ 4 زخمی ہوگئے۔اوکاڑہ میں بنگلہ گوگیرہ کی نواحی بستی ریاض آباد میں بارش کے باعث بانسوں سے بنی چھت گر گئی جس کے نتیجے میں ایک بچی جاں بحق جبکہ 2 زخمی ہوگئے، جاں بحق بچی کی شناخت دعا فاطمہ کے نام سے ہوئی، زخمیوں میں 7 سالہ مہوش اور 6 سالہ ارم شامل ہے۔ریسکیو حکام کے مطابق ریسکیو ٹیموں نے جائے حادثہ پر پہنچ کر مقامی افراد کی مدد سے بچیوں کو ملبے سے نکالا اور زخمیوں کو فورا ابتدائی طبی امداد فراہم کی، زخمی اور نعش کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔اس کے علاوہ قصور کے نواحی گاﺅ ں تلونڈی میں تیز بارش کے باعث مکان کی چھت گرنے سے دو بچے شدید زخمی ہوگئے، زخمی ہونے والے بچوں کو فوری طور ریسکیو کر کے نکال لیا گیا، بچوں کو طبی امداد دے کر ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔حجرہ شاہ مقیم میں بھی تیز بارش کے باعث اٹاری روڑ پر محنت کشوں کے تین گھروں کی چھتیں گر گئیں، تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ پنجاب میں موسمی خرابی کے باعث لاہور کا فلائٹ آپریشن شدید متاثر ہوا ہے ۔ائیرپورٹ ذرائع کے مطابق موسمی خرابی کے باعث لاہور کا فلائٹ آپریشن شدید متاثر ہوا ہے۔ استنبول سے پہنچی پرواز لاہور لینڈ نہ کرسکی، طیارے کو کراچی اتار لیا گیا۔بعد ازاں موسم بہتر ہونے پر کراچی اتاری گئی استنبول کی پرواز TK719 لاہور روانہ ہوگئی۔موسم کی خرابی کے باعث شارجہ، راس الخیمہ، کولمبو ، دبئی، پیرس، دوحہ کی پروازوں کو لینڈنگ میں بھی دشواری ہے۔لاہور سے جدہ 12، ریاض 6 اور ابوظہبی کی پرواز کی روانگی میں 4 گھنٹے تاخیر کا شکار ہوگئی ادھر ریاض سے اسلام اباد کی پرواز پی ایف 769 کو ملتان لینڈ کرا دیا گیا۔ ادھر خیبر پختونخوا میں کرک شہر اور مضافات میں بھی بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا جبکہ بلوچستان کے وسط مشرقی علاقوں میں پری مون سون سیزن کا آغاز ہوگیا۔کوہ سلیمان رینج سمیت وسطی اور مشرقی بلوچستان میں بھی بارش ہوئی ہے۔بلتستان ڈویژن میں بھی بارش کا امکان ہے۔ بارشوں کا نیا سلسلہ 29 جون تک جاری رہنے کی پیشنگوئی کی گئی ہے۔ ماہرین نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے، نشیبی علاقوں میں سفر سے گریز اور موسم کی تازہ صورتحال سے باخبر رہنے کی ہدایت کی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق پختونخوا میں طوفانی بارشوں کے امکان کے پیش نظر ندی نالوں میں طغیانی اور لینڈسلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق خیبر پختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم آ ئندہ 24گھنٹوں میں گرم، مرطوب اور جزوی طور پر ابر آلود رہے گا، جبکہ میدانی علاقوں میں شدید گرمی کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ صوبے کے بالائی، وسطی اور جنوبی علاقوں میں گرج چمک، تیز ہواں اور بارش کے امکانات بھی ظاہر کیے گئے ہیں۔موسمیاتی رپورٹ کے مطابق چترال، دیر بالا اور دیر زیریں، سوات، بونیر، مالاکنڈ، باجوڑ، بٹگرام، شانگلہ، کوہستان، تورغر، مانسہرہ اور ایبٹ آباد میں گرج چمک اور تیز ہواﺅں کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ اسی طرح ہری پور، کرم، مہمند، خیبر، اورکزئی، پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، مردان، صوابی اور کوہاٹ کے اضلاع میں بھی بارش متوقع ہے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ جنوبی اضلاع جیسے ہنگو، کرک، بنوں، لکی مروت، ڈیرہ اسماعیل خان، ٹانک، شمالی اور جنوبی وزیرستان میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش اور تیز ہواں کا امکان موجود ہے، جبکہ بعض مقامات پر موسلا دھار بارش کی پیش گوئی بھی کی گئی ہے۔ممکنہ اثرات کے حوالے سے محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ مردان، مانسہرہ، کوہستان، دیر، سوات اور شانگلہ کے علاقوں میں موسلا دھار بارش سے ندی نالوں میں طغیانی آ سکتی ہے۔ علاوہ ازیں پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے کے باعث سڑکوں کی بندش بھی متوقع ہے۔گزشتہ روز کی صورتحال کے مطابق سیدو شریف سوات میں 24 ملی میٹر، بالاکوٹ میں 15 ملی میٹر، کاکول میں 5 ملی میٹر، مالم جبہ میں 9 ملی میٹر، کالم میں 5 ملی میٹر اور تیمرگرہ میں 3 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔محکمہ موسمیات نے شہریوں اور متعلقہ اداروں کو ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔ادھر محکمہ موسمیات نے کراچی میں 29 جون تک گرج چمک کے ساتھ بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کی پیشگوئی کی ہے۔ محکمہ کا کہنا ہے کہ آج جمعہ کے روز وقفے وقفے سے بادل برسیں گے، جبکہ ہفتہ اور اتوار کو موسلادھار بارشوں کے باعث اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون بارشوں کا پہلا اسپیل 2 جولائی تک شہر کو متاثر کرتا رہے گا، جب کہ دوسرا اسپیل 5 جولائی سے ملک بھر میں اثرانداز ہوگا۔محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ شدید بارشوں کے نتیجے میں کراچی کے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے اور سڑکوں پر ٹریفک کی روانی میں خلل کا امکان ہے۔ شہریوں کو محتاط رہنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت کی گئی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا موجودہ درجہ حرارت 30 ڈگری سینٹی گریڈ ہے، تاہم گرمی کی شدت 37 ڈگری تک محسوس کی جا رہی ہے۔ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت آج بھی 37 ڈگری تک جا سکتا ہے۔ شمال مشرقی سمت سے ہوائیں 6 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں، جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 83 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے، جو گرمی کی شدت میں اضافے کا باعث بن رہا ہے۔محکمہ موسمیات نے شہری اداروں کو الرٹ رہنے، نکاسی آب کے انتظامات بہتر بنانے اور ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کی تیاری رکھنے کی ہدایت کی ہے، جبکہ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ موسم کی تازہ ترین صورتحال پر نظر رکھیں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں