غیرمعمولی بارشوں سے پنجاب کے اضلاع متاثر، متعلقہ ادارے متحرک ہیں،عظمی بخاری

لاہور(آئی این پی )وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری نے کہا ہے کہ صوبے میں غیرمعمولی بارشوں سے سیلابی صورتحال پیدا ہوئی، تمام متعلقہ ادارے متحرک ہیں۔اپنے ایک بیان میں عظمی بخاری کا کہنا تھا کہ سب سے زیادہ بارشیں پوٹھوہار ریجن کے اضلاع چکوال، جہلم اور راولپنڈی میں ریکارڈ کی گئیں، پی ڈی ایم اے، ریسکیو 1122، اور ضلعی انتظامیہ نے بھرپور ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے بروقت اقدامات کئے، جس کی بدولت سیکڑوں شہریوں کی جانیں بچائی گئیں۔انہوں نے کہا کہ چکوال میں 209، جہلم میں 298 اور راولپنڈی میں 450 افراد کو ریسکیو کیا گیا، جبکہ صرف پوٹھوہار ریجن میں ایک ہزار افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ پاک فوج کے جوانوں نے بھی ریلیف آپریشن میں حصہ لیا اور جہلم میں 64 افراد سمیت درجنوں شہریوں کو کامیابی سے ریسکیو کیا، وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے خود تمام ریسکیو اور ریلیف آپریشنز کی نگرانی کی اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کو اپنی اولین ترجیح قرار دیا ہے۔عظمی بخاری نے مزید کہا کہ حکومت پنجاب ہر ممکن وسائل بروئے کار لا رہی ہے تاکہ متاثرہ علاقوں میں فوری امداد پہنچائی جا سکے اور صورتحال پر قابو پایا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں