اسلام آباد(آئی این پی ) سابق وزیر فواد چوہدری نے کہا ہے کہ میرے پاس 50 کروڑ نہیں ورنہ پی ٹی آئی میں واپس آجاتا ۔ایک نجی ٹی وی سے گفتگو کے دوران شیخ وقاص کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے انہوں نے کہا شیخ وقاص کی جانب سے نجی ٹی وی کے اس قسم کے بائیکاٹ کی ضرورت نہیں تھی، خبر کی تردیدکی ضرورت ہوتی ہے بائیکاٹ نہیں کرنا چاہیے۔سابق وزیر کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی میں ایسے لوگ آگئے ہیں جن کوسیاست میں کوئی جانتا بھی نہیں۔انھوں نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی کو کہا تھا اس ٹیم کیساتھ کامیابی کا موقع صفر ہے، تحریک بڑی سیاسی حکمت عملی کا حصہ ہوتی ہے لیکن پی ٹی آئی والے کنفیوز ہےں ان کو معلوم ہی نہیں کرنا کیا ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی لیڈرشپ کو بھی سمجھ نہیں آرہا کرنا کیا ہے، پی ٹی آئی کی لیڈرشپ میں ایسے لوگ ہیں جن کا سیاست سے تعلق نہیں، پی ٹی آئی کی اصل قیادت کو ختم ہی کردیا گیا ہے۔ایک سوال پر کہ مرزا آفریدی پی ٹی آئی میں واپس آگئے آپ کیوں نہیں آسکے؟ کے سوال پر جواب دیتے ہوئے انھوں نے کہا میرے پاس 50 کروڑ نہیں ہے ورنہ پی ٹی آئی میں واپس آجاتا۔جہلم میں سیلابی صورتحال پر سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے پنجاب حکومت کو کڑی تنقید کا نشانہ بنا یا ہے ۔اپنے ایک ویڈیو بیان میں انکا کہناتھا کہ ضلع بھر میں شہریوں کو دو طرح کی طغیانیوں کا سامنا ہے ، ندی نالوں میں طغیانی ہے دوسرا جو لوگ کناروں پر آباد ہیں وہاں آبادیوں میں پانی داخل ہو چکا ہے ، ضلع بھر کے لاکھوں افراد کو سیلابی صورتحال کا سامنا ہے۔انہوں نے کہا کہ کئی دیہاتوں کی اضافی آبادیاں اس وقت پانی کی لپیٹ میں ہیں، پاک فوج اور ریسکیو ٹیمیں امدادی کاموں میں مصروف ہیں تاہم مشکل کی اس گھڑی میں عوامی نمائندے کہیں نظر نہیں آ رہے، بد قسمتی سے ضلعی انتظامیہ کے پاس فنڈز بھی موجود نہیں ہیں۔ فواد چو ہدری کا پنجاب حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہنا تھا کہ بد قسمتی سے پنجاب حکومت اللے تللوں پر فنڈز لگا رہی ہے لیکن جب ضرورت ہوتی ہے تو پیسے نہیں ہوتے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ پنجاب حکومت چکوال ، جہلم اور دیگر اضلاع کو فوری فنڈز فراہم کرے ، بری طرح متاثرہ اضلاع کو فنڈز فراہم کرنا اشد ضروری ہے ، ممبران اسمبلی تو اپنے علاقوں میں اجنبی ہیں انتظامیہ کو فنڈز فراہم کیے جائیں، تمام متاثرہ علاقوں میں فوری ایمرجنسی نافذ کی جائے۔
میرے پاس 50 کروڑ نہیں ، ورنہ پی ٹی آئی میں واپس آجاتا، فواد چوہدری
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل
