اسرائیل خطے کا سب سے بڑا خطرہ، شام کو تقسیم نہیں ہونے دیں گے، صدر طیب اردوان

انقرہ (آئی این پی )ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے ایک بار پھر مشرق وسطی میں شام کی خودمختاری اور اتحاد کے لیے مکمل حمایت کا اعلان کیا ہے۔ غیرملکی خبررساںادارے کے مطابق ترکیہ کے صدر نے اسرائیل کے شام پر حملے کے متعلق بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل ایک لاقانونیت، لاپرواہ بگڑی ہوئی اور غیر اصولی دہشت گرد ریاست ہے ۔ اردوان نے اپنے بیان میں کہا کہ ہم نے شام کو کل تقسیم نہیں ہونے دیا، اور ہم آج یا کل بھی اسے تقسیم نہیں ہونے دیں گے،اسرائیل دروز کا بہانہ بنا کر شام میں مداخلت کر رہا ہے۔ ترک صدر نے الزام عائد کیا کہ اسرائیل دروز برادری کی آڑ لے کر شام میں اپنی فوجی کارروائیاں بڑھا رہا ہے، جو کہ خطے کے امن کے لیے ایک سنگین خطرہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیل کی یہ جارحیت اب پورے خطے کے لیے سب سے بڑا مسئلہ بن چکی ہے،اسرائیل کا ساتھ دینے والے اپنی غلطی جلد سمجھیں گے۔ اردوان نے ان قوتوں کو بھی خبردار کیا جو اسرائیل کے ساتھ کھڑی ہیں جو اسرائیل پر بھروسہ کر رہے ہیں اور اس کا ساتھ دے رہے ہیں، وہ جلد یا بدیر اپنی سنگین غلطی کا ادراک کریں گے۔ واضح رہے کہ اسرائیل نے حالیہ دنوں میں شامی دارالحکومت دمشق، جبل الدروز اور گولان کے آس پاس کارروائیاں کی ہیں۔ اسرائیلی حکام کا دعوی ہے کہ وہ دروز برادری کو شامی فورسز سے بچانے کے لیے کارروائی کر رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں