اسلام آباد(آئی این پی )ہلالِ احمر پاکستان نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر لائن آف کنٹرول کے متاثرہ 200گھرانوں کو مالی مدد فراہم کی ہے۔ اِس حوالے سے ایک پر وقار تقریب صدارتی سیکرٹریٹ مظفرآباد میں منعقد ہوئی۔ اِس تقریب میں ہلالِ احمر پاکستان کی چیئرپرسن فرزانہ نائیک، سیکرٹری جنرل محمد عبیداللہ خان، ترکیہ ریڈ کریسنٹ کے قائمقام سربراہ ارکان اوجی، انٹرنیشنل فیڈریشن آف ریڈکراس کے فرید عبدالقادر، صدارتی مشیر سردار امتیاز احمد خان، چیئرمین آزاد جموں وکشمیر سٹیٹ برانچ سردار شفیق احمد خان، سیکرٹری محترمہ گلزار فاطمہ، ایس ڈی ایم اے کے چوہدری محمد فرید، ڈپٹی کمشنر ضلع جہلم ویلی اور ضلع مظفرآباد بھی موجود تھے۔ اِس موقع پر 200 گھرانوں میں فی کس 15 ہزار روپے کی مالی مدد تقسیم کی گئی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محترمہ فرزانہ نائیک نے لائن آف کنٹرول کے متاثرہ گھرانوں سے کہا کہ آپ کا دکھ اور درد ہمارا اپنا دکھ اور درد ہے۔ آپ کے مالی نقصان پر دِل رنجیدہ ہے اور جانوں کے ضیاع پر ہم دعا گو ہیں کہ آپ کو صبر جمیل عطا ہو۔ آپ کی قربانیاں قابل ِستائش ہیں۔ کشمیر پاکستان کی لائف لائن ہے۔ کشمیر کا جو بھی حصہ متاثر ہوتا ہے تو پوری قوم کو دکھ پہنچتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم کشیدگی کے دِنوں میں مکمل حکومتی اداروں کے ساتھ رابطے میں تھے۔ اس وقت بھی 140 گھرانوں کو اشیا خوراک کی فراہمی یقینی بنائی گئی تھی۔ نقد مالی مدد کی فراہمی سے متاثرہ گھرانے اپنی بنیادی ضروریات کو پورا کرسکیں گے۔ ایل او سی گھرانوں کی مدد میں ترک ریڈکریسنٹ کی جانب سے تعاون کو سراہتے ہوئے محترمہ فرزانہ نائیک نے اِس اشتراک کو مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ اِس موقع پر ترکیہ ریڈکریسنٹ کے قائمقام ہیڈ آف ڈیلی گیشن ارکان اوجی نے کہا کہ ہمیں آزاد کشمیر اور بالخصوص ایل او سی پر رہائشی گھرانوں کی مدد پر فخر ہے۔ انسانیت کی مدد اور خدمت کے اِس باہمی اشتراک کے تحت پر 3 ملین روپے کی گرانٹ دے رہے ہیں۔ انٹرنیشنل فیڈریشن کے سربراہ فرید عبدالقادر نے آزاد جموں وکشمیر کے لوگوں کے حوصلوں کو قابل رشک قرار دیا اور کہا کہ ہر مشکل وقت میں ہماری جانب سے تعاون جاری رکھا جائے گا۔ تقریب سے چیئرمین آزاد جموں وکشمیر سٹیٹ برانچ سردار شفیق احمد خان نے بھی خطاب کیا اور نیشنل ہیڈکوارٹرز اور ترکیہ ریڈکریسنٹ کے اِس جذبہ خیر سگالی کا شکریہ ادا کیا۔ واضح رہے کہ ہلالِ احمر پاکستان کی اِس کاوش سے 200 گھرانوں کو مالی مدد کی فراہمی کی گئی۔
ہلالِ احمر پاکستان نے ایل او سی متاثرہ 200 گھرانوں کیلئے مالی مدد فراہم کی
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل
