گلگت ، وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے روندو زلزلہ متاثرین کے کور کمیٹی سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت روندو زلزلہ متاثرین کے مسائل حل کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کررہی ہے، روندو زلزلہ متاثرین مسائل فوری طو رپر حل کریں گے، روندو کے زلزلہ متاثرین کو تنہاء نہیںچھوڑیں گے، متاثرین کے مسائل اور مشکلات کا احساس ہے۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے روندو زلزلہ متاثرین کے مسائل کو فوری طور پر حل کرنے کیلئے صوبائی وزیر سیاحت راجہ ناصر ،سیکریٹری داخلہ ، سیکریٹری خزانہ ،سیکریٹری برقیات ، ڈی جی جی بی ڈی ایم اے اور ضلعی انتظامیہ سکردو پر مشتمل خصوصی کمیٹی تشکیل دی ہے جو 7دنوں میں کور کمیٹی کی مشاورت سے متاثرین کیلئے وظیفہ ، معاوضوںکی ادائیگی اور متاثرہ علاقوں کے طالب علموں کیلئے فیس معافی سمیت دیگر مسائل کے حل کیلئے جامعہ تجاویزات مرتب کرکے منظوری کیلئے پیش کرے گی۔وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے کہا کہ حکومت گلگت بلتستان نے روندو زلزلہ متاثرین کے مسائل کو حل کرنے کیلئے محدود وسائل کے باوجود بھرپور اقدامات کئے ہیں، روندو زلزلہ متاثرین کے مسائل کا ادراک ہے، متاثرین کی مکمل بحالی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ اس موقع پر روندو زلزلہ متاثرین کی کورکمیٹی نے وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ زلزلے کے فوری بعد متاثرین کی داد رسی کی، ہمیں آپ سے امید ہے کہ ہمارے مسائل کو مستقل بنیادوں پر جلد حل کریں گے، جس طرح آپ نے روندو زلزلہ متاثرین کی مدد کی اس کی مثال نہیں ملتی ہے۔
