ملک کی سلامتی کےلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے، امجد ایڈووکیٹ

 گلگت،قائد حزبِ اختلاف گلگت بلتستان اسمبلی و صوبائی صدر پیپلز پارٹی گلگت بلتستان امجد حسین ایڈووکیٹ نے یومِ تکریمِ شہدائے پاکستان کے موقع پر کہا ہے کہ ملک و قوم کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداءکو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں۔ شہداءکے لہو نے ہمیشہ قوم کو زندگی بخشی ہے۔ ہمیں اپنی بہادر افواج اور اداروں پر فخر ہے جنہوں نے دشمن کو دن میں تارے دکھا دئے اور ان کی کمر توڑ کر رکھ دی۔ بیرونی و اندرونی دشمنوں نے جب بھی جارحیت کی یا کوئی ناپاک سازش کی پاک فوج اور اداروں کے شیر دل جوانوں نے ان کے ناپاک عزائم کو چکنا چور کردیا ہے اور دشمن کو منہ کی کھانی پڑ گئی۔ ایسے مواقع ہر پوری قوم نے عملی طور پر ثابت کیا کہ وہ اپنی مسلح افواج کے شانہ بشانہ سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑی ہے۔ شہدا نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر کے قوم کے مستقبل کو محفوظ بنایا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی کا بھی ملکی سلامتی و استحکام میں اہم کردار رہا ہے اور ہمیں اس بات پر فخر ہے کہ ذوالفقار علی بھٹو شہید نے جوہری طاقت سے اور محترمہ بینظیر بھٹو شہید نے میزائل ٹیکنالوجی کے ذریعے وطن عزیز کا دفاع ناقابل تسخیر بنا دیا اور پیپلز پارٹی کے قائدین اور کارکنوں نے دہشتگردی کے خلاف سینہ سپر ہو کر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ پیپلز پارٹی گلگت بلتستان یومِ تکریمِ شہدائے پاکستان کے موقع پر یہ عہد کرتی ہے کہ ہم آئندہ بھی ارض پاک کی سلامتی اور دفاع کے لئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج,دیگر سکیورٹی فورسز اور پاکستان کے عوام نے جو قربانیاں دی ہیں اس پر تمام شہدا اور غازیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔