سیاحت،تجارت کےلئے اہمیت کے حامل استور روڈ منصوبے پر اہم پیشرفت

گلگت (پ ر) وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے دورہ استور کے موقع پر شونٹر روڈ ، میکال واٹر سپلائی سکیم، کشونت روڈ اور شیکانگ آر سی سی پل کا افتتاح کیا۔اس موقع پر 19 ارب لاگت کے استور ویلی روڈ پر کام کا آغاز ہوگیا۔وزیراعلی گلگت بلتستان خالد خورشید نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے منظور کردہ 370 ارب مالیت کے گلگت بلتستان جامع ترقیاتی پیکیج میں شامل تاریخی استور ویلی روڈ کے سیکشن 3 پر کام کے آغاز کا باقائدہ افتتاح کردیا۔ استور ویلی روڈ عوام استور کا دیرینہ مطالبہ تھا جس کو وزیراعلی خالد خورشید نے اپنے پہلے ڈھائی سالوں میں ہی عملی جامہ پہنایا۔ یہ منصوبہ عوام کو بہتر سفری سہولیات کی فراہمی کیساتھ ضلع استور میں سیاحت اور تجارت کے ایک نئے دور کا آغاز کریگا۔ استور ویلی روڈ مستقبل میں شونٹر ٹنل منصوبے کی تکمیل کے بعد گلگت بلتستان کو بذریعہ مظفرآباد اسلام آباد سے منسلک کرےگا۔ یہ منصوبہ وزیراعلی خالد خورشید کے گلگت بلتستان کو متبادل 3 راستوں کے زریعے اسلام آباد سے منسلک کرنے کے ویژن کے اہم حصہ ہے۔50 ارب مالیت کے وزیراعلی خالد خورشید کے دوسرے میگا منصوبے غذر ایکسپریس وے پر کام تیزی سے جاری ہے۔ استور ویلی روڈ بوبن شغرتھنگ منصوبے کے ساتھ گلگت، استور/ دیامر اور بلتستان ڈویژنوں کو ملانے کے لئے انہتائی اہم ہے۔