بچوں کے ڈیٹا میں غفلت برتنے پر ٹک ٹاک پر کروڑوں ڈالرز کا جرمانہ

ڈبلن: آئرلینڈ کے ڈیٹا پروٹیکشن کمیشن (ڈی پی سی) نے ویڈیو شیئرنگ ایپلی کیشن ٹِک ٹاک پر 36 کروڑ 70 لاکھ ڈالرز (108 ارب 96 کروڑ پاکستانی روپے) کا جرمانہ عائد کر دیا ہے۔بین الاقوامی ذرائع ابلاغ کے مطابق یہ جرمانہ2021 میں ڈی پی سی کی جانب ایپلی کیشن میں بچوں کےڈیٹا کے حوالے سے شروع ہونے والی تحقیقات کی صورت میں عائد کیا گیا۔تحقیقات میں نگران ادارے نے ٹِک ٹاک کی جانب سے یورپ کے جنرل ڈیٹا پروٹیکشن ریگولیشن (جی ڈی پی آر) کے قوانین کی پاسداری کو دیکھا۔تحقیقات میں ٹک ٹاک کے ڈیفالٹ اکاؤنٹ سیٹنگز، فیملی پیئرنگ سیٹنگز اور ایج ویریفیکیشن (عمر کی تصدیق) کے فیچر کو دیکھا گیا۔یورپین ڈیٹا پروٹیکشن بورڈ سے مشاورت کے بعد ڈی پی سی کو معلوم ہوا کہ ٹِک ٹاک میں بچوں کے سائن اپ ہونے کے بعد ان اکاؤنٹس تک پبلک کی رسائی بنیادی سیٹنگز کا حصہ ہے جس کا مطلب ہے کہ ڈیفالٹ سیٹنگز (پہلے سے طے شدہ سیٹنگ) کے تحت بچوں کی ویڈیو عام صارفین دیکھ سکتے ہیں۔ ساتھ ہی کمنٹس، ڈیوٹس اور اسٹچ فیچر بھی ڈیفالٹ سیٹنگ میں آن ہوتے ہیں۔