سعودی عرب سمیت 34 ممالک کی فوجی مشقیں برائٹ سٹار 2023 اختتام پذیر

سعودی عرب سمیت 34 ممالک کی فوجی مشقیں ’ برائٹ سٹار 2023‘ اختتام پذیر ہو گئیں۔خبررساں ادارے کے مطابق مصر کے محمد نجیب ملٹری بیس میں سعودی عرب سمیت 34 ملکوں کی مشترکہ فوجی مشقیں ’برائٹ سٹار 2023‘ اختتام پذیر ہوگئیں۔اس حوالے سے سعودی آرمی ٹریننگ اتھارٹی کے سربراہ میجرجنرل عادل البلوی نے کہا کہ سعودی فوجی دستوں نے مقررہ تمام اہداف حاصل کرلیے، خصوصا بین الاقوامی سرحدووں کے تحفظ، سائبر سکیورٹی، بحری امن، میزائل ڈیفنس آپریشن میں تعاون اور مشترکہ بین الاقوامی عسکری آپریشنز کے نفاذ سے متعلق تجربات کا تبادلہ کیا گیا ہے۔انہوں نے اس سے قبل کہا تھا کہ مشترکہ مشقوں کا مقصد شریک افواج کے درمیان آپریشنل تصورات میں یکسانیت لانے کے لیے ہم آہنگی، پیشہ ورانہ مہارتوں کو بڑھانا، دہشت گردی اور گوریلا جنگ کے انسداد کی منصوبہ بندی اور سکیموں پر عمل درآمد ہے۔