غزہ: اسرائیل کا الشفا ہسپتال خالی کرنے کیلئے ایک گھنٹے کا الٹی میٹم

 اسرائیلی فورسز نے غزہ کے الشفا ہسپتال میں موجود ڈاکٹروں، مریضوں اور بے گھر افراد کو کمپاؤنڈ خالی کرنے کے لیے ایک گھنٹے کا وقت دے دیا ہے۔عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق اس حوالے سے ڈاکٹرز کاکہنا ہے کہ یہ ناممکن ہے کیونکہ الشفا ہسپتال میں 7 ہزار لوگ پناہ لیے ہوئے ہیں، جس پر اسرائیلی فوجیوں نے کئی روز سے بمباری اور محاصرہ  جاری ہے ، ہسپتال میں کئی ایسے مریض بھی موجود ہیں جن کی حالت تشویشناک ہے۔عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ الشفا ہسپتال  کی انتظامیہ کے پاس مریضوں اور قبل از وقت پیدا ہونے والے بچوں کو غزہ کے جنوب میں منتقل کرنے کے لیے کوئی ایمبولینس نہیں ہے۔غزہ شہر اور شمالی حصوں میں ایندھن کی کمی کی وجہ سے نقل و حمل کے کوئی ذرائع موجود نہیں ہیں، اس لیے لوگوں کو پیدل نقل مکانی کرنی پڑے گی، ڈاکٹرز کے مطابق وہاں اتنے زیادہ لوگوں کا ایک ساتھ پیدل وہاں سے نکلنا ناممکن ہے۔قبل ازیں الشفا ہسپتال کے ڈائریکٹر نے بتایا ہے کہ ہسپتال کے آئی سی یو میں 55 افراد موجود تھے جو شہید ہو گئے ہیں، ہر منٹ میں ایک فلسطینی شہید ہو رہا ہے، نومولود اور شیر خوار بچوں سمیت بوڑھے اور تمام مریض موت کے قریب ہیں۔