ورلڈ کپ: بھارت کو ہوم گراؤنڈ پر بدترین شکست، آسٹریلیا چھٹی بار عالمی چیمپئن بن گیا

آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 2023ء کے فائنل میچ میں آسٹریلیا نے بھارت کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر چھٹی مرتبہ ورلڈ چیمپئن کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔ بھارتی شہر احمد آباد کے نریندرا مودی سٹیڈیم میں کھیلے گئے فائنل میچ میں بھارتی ٹیم کا بیٹنگ کے بعد باؤلنگ میں بھی جادو نہ چل سکا، آسٹریلیا نے بھارت کا 241 رنز کا ہدف 43 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر با آسانی حاصل کر لیا۔ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا کا آغاز کچھ اچھا نہ رہا، کینگروز کے 47 کے مجموعی سکور پر 3 اہم کھلاڑی آؤٹ ہو گئے، ڈیوڈ وارنر 7، مچل مارش 15 اور سٹیو سمتھ 4 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔ابتدائی 3 وکٹیں کھونے کے بعد ٹریوس ہیڈ اور مارنوس لیبوشیانے نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کو فتح کے بالکل قریب کر دیا۔ٹریوس ہیڈ نے 120 گیندوں پر 4 چھکوں اور 15 چوکوں کی مدد سے شاندار 137 رنز کی اننگز کھیلی، مارنوس لیبوشیانے ناقابل شکست 58 رنز کے ساتھ دوسرے نمایاں بلے باز رہے۔بھارت کی جانب سے جسپریت بمراہ نے 2 جبکہ محمد شامی نے ایک وکٹ حاصل کی۔بھارتی ٹیم نے بیٹنگ کا آغاز کیا تو ابتدائی اوورز میں ہی شبمن گل کی صورت بڑا جھٹکا برداشت کرنا پڑا، بھارتی اوپنر 7 گیندوں پر 4 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ اس کے بعد کپتان روہت شرما نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 3 چھکے اور 4 چوکے جڑے تاہم وہ بھی زیادہ دیر تک پچ پر کھڑے نہ رہ سکے، بھارتی کپتان 31 گیندوں پر 47 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔شریاس ایر کریز پر آئے تو وہ بھی متاثر کن اننگز نہ کھیل سکے اور 3 گیندوں پر 4 رنز بنا کر چلتے بنے، اس کے بعد ویرات کوہلی بھی 54 رنز کی اننگز کھیل کر وکٹ گنوا بیٹھے۔بھارتی ٹیم کو چھٹا نقصان رویندرا جڈیجا کی صورت برداشت کرنا پڑا جو محتاط بیٹنگ کرتے ہوئے 22 گیندوں پر 9 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ بھارتی بیٹر کے ایل راہول نے محتاظ انداز بیٹنگ اپناتے ہوئے مشکل وقت میں ففٹی سکور کی اور 107 گیندوں پر 1 چوکے کی مدد سے 66 رنز بنا کر پویلین لوٹے، کے ایل راہول بھارت کی جانب سے ٹاپ سکورر رہے۔ دیگر کھلاڑیوں میں سوریا کمار یادیو نے 18، کلدیپ یادیو نے 10 اور محمد شامی نے 6 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ جسپریت بمراہ ایک رن بنا کر پویلین لوٹے۔ آسٹریلیا کی جانب سے مچل سٹارک نے تین، کپتان پیٹ کمنز اور جوش ہیزل ووڈ نے دو، دو جبکہ گلین میکسویل اور ایڈم زیمپا نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔