دہشتگردی کا خطرہ، گلگت بلتستان میں سکیورٹی ہائی الرٹ

سکردو (چیف رپورٹر) گلگت بلتستان میں دہشت گردی کے ممکنہ خطرے کے پیش نظر سکیورٹی فول پروف بنانے کا فیصلہ کرلیا گیا، ذرائع کے مطابق حکومت کو خفیہ طور پر اطلاع ملی ہے کہ کچھ خودکش بمبار گلگت شہر میں داخل ہوگئے ہیں ان میں سے ایک مبینہ خود کش بمبار کی تصویر سامنے آگئی ہے، خفیہ اداروں کی رپورٹ کی روشنی میں پورے گلگت بلتستان میں 19 21 23 اور 27 رمضان مبارک کو سکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تمام اضلاع کی انتظامیہ اور پولیس کو خصوصی ہدایات دی گئی ہیں کہ وہ اپنے اپنے ضلع میں یوم علی کے موقع پر منعقد ہونے والی مجالس ،ماتمی جلوسوں اور شبہائے قدر کے اجتماعات کی سکیورٹی فول پروف بنائیں تاکہ اِنسانوں کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جاسکے حکومت کی جانب سے گلگت نگر ہنزہ غذر سکردو گانچھے شگر ،کھرمنگ سمیت استور اور دیگر علاقوں کے داخلی اور خارجی راستوں پر چیکنگ انتہائی سخت کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے عوام الناس سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ مشکوک شخص یا چیز کے بارے میں فوری اطلاع انتظامیہ /پولیس کو دیں تاکہ فوری کارروائی عمل میں لائی جاسکے انٹیلی جنس رپورٹ کے مطابق گلگت بلتستان میں مذہبی اجتماعات کو نشانہ بنانے کیلئے خودکش بمبار داخل ہونے کی اطلاع ہے اس لئے انتظامیہ اور پولیس کو سکیورٹی انتظامات کو فول پروف بنانے کیلئے تمام تر ممکنہ اقدامات اٹھانے کی خصوصی ہدایات کی گئی ہیں اس دوران عوام الناس کو بھی چوکنا رہنے کی اپیل کی گئی ہے نماز جمعہ کے اجتماعات کی سکیورٹی بھی غیر معمولی طور پر بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ دہشت گردی کے ممکنہ خطرے سے بچا جاسکے ادھر کے پی این سے بات چیت کرتے ہوئے سیکرٹری داخلہ علی اصغر نے کہاہےکہ بہت زیادہ خطرات ہیں حالات اچھے نہیں ہیں اس لئے ہم نے تمام سکیورٹی اداروں کو الرٹ رہنے کا حکم دیا ہے اور علاقے میں لوگوں کی نقل و حمل پر کڑی نظر رکھنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں چائنز انجینئرز پر حملے کے بعد صورت حال مزید سنگین ہوگئی ہے دہشت گردی کے خطرات کے پیش نظر ہم نے سکیورٹی کے انتظامات انتہائی سخت کرنے کے احکامات جاری کردیئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ عوام الناس سکیورٹی اداروں کے ساتھ تعاون کریں اور علاقے میں امن و امان کی مجموعی صورت حال کو برقرار رکھنے کیلئے ہمارے ساتھ تعاون کریں۔