حکومت میں آئیں اپنی وزارت دوں گا ،راجہ ناصر ،ہم جہاں ہیں خوش ہیں ،کاظم میثم

 سکردو(محمد اسحاق جلال)اسلامی تحریک کی افطار پارٹی میں اپوزیشن لیڈر کاظم میثم اور صوبائی وزیر پلاننگ ڈیویلپمنٹ راجہ ناصر علی خاں مقپون کے مابین انتہائی دلچسپ مکالموں کا تبادلہ ہوا صوبائی وزیر راجہ ناصر علی نے اپوزیشن لیڈر کاظم میثم سے کہا کہ آپ کے مطابق ہم نااہل ہوگئے لہذا ہم آپ کو حکومت میں شامل ہوکر وزیر پلاننگ اینڈ ڈیویلپمنٹ بننے کی پیشکش کرتے ہیں آپ آئیں اور وزارت لیکر حکومتی معاملات درست کریں آپکی جگہ میں اپوزیشن لیڈر بنوں گا اپوزیشن لیڈر کاظم میثم نے صوبائی وزیر کی پیشکش کو ٹھکراتے ہوئے کہاکہ ہم جہاں ہیں خوش ہیں آپکو وزارت مبارک ہو اس دوران موقع پر موجود مقامی صحافی نے وزیر پلاننگ اینڈ ڈیویلپمنٹ راجہ ناصر سے پوچھا کہ کیا آپ حکومت اپوزیشن کے حوالے کرنے کی پیش کش کررہے ہیں ؟ تو جواب میں صوبائی وزیر نے کہاکہ نہیں میں اپنی وزارت کی پیشکش کر رہا ہوں اس دوران صحافی کی جانب سے صوبائی وزیر راجہ ناصر علی خان سے کہاگیا کہ ہوسکتا ہےکہ اپوزیشن لیڈر کو آپکے ٹیم کپتان سے کسی قسم کی کوئی شکایت ہو اس لئے وہ حکومت میں شامل ہونے سے گریزاں ہو اس دوران اپوزیشن لیڈر کاظم میثم کی جانب سے کہاگیا کہ ہمارے ٹیم کپتان راجہ ناصر علی خان مقپون کے سسر راجہ اعظم خان ہیں جن کیلئے ہم نے فائٹ کیا قربانیاں دیں اپوزیشن لیڈر کاظم میثم کی باتوں کے جواب میں صوبائی وزیر راجہ ناصر علی خان مقپون نے کہاکہ میرے سسر آپ لوگوں کے ٹیم کپتان تھے اب وہ آپکے ٹیم کپتان نہیں ہیں انہیں بھی ہم اپنی حکومت میں شامل کرارہے ہیں۔ اس کے بعد قضیہ ہی ختم ہو جائے گا گورنر سید مہدی شاہ اپوزیشن لیڈر کاظم میثم اور راجہ ناصر علی خان کے مابین ہونے والے دلچسپ مکالمے کو غور سے سنتے رہے ہیں اور زیر لب مسکراتے رہے