پاک چین خنجراب سرحد 4ماہ بعد تجارت کیلئے کھول دی گئی

 خنجراب،گلگت(پ ر) پاک چین سرحد خنجراب 4 ماہ بند رہنے کے بعد آج سے تجارت اور سیاحت کے لیے کھول دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق سرد موسم اور برف باری کے باعث 4 ماہ سے بند پاک چین خنجراب سرحد کو تجارت اور سیاحت کے لیے کھول دی گئی۔ سرحد کھلنے سے دو طرفہ تجارت اور سیاحت کا آغاز ہوگا۔ امیگریشن ذرائع کا کہنا ہے کہ سرحدی معاہدے کے تحت ہر سال پاک چین سرحد کو یکم دسمبر سے 31 مارچ تک بند کیا جاتا ہے۔ بارڈر حکام کے مطابق سرحدی معاہدے کے تحت سرد موسم اور برف باری کے باعث سرحدی آمد و رفت بند کی جاتی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ان چار ماہ کے دوران خنجراب سرحد سے پاک چین تجارتی اور سیاحتی سرگرمیاں بھی بند رہتی ہیں تاہم ملکی سطح کے ترقیاتی کاموں کے سامان کی ترسیل جاری رہتی ہے۔ دوسری جانب گلگت بلتستان کے سرحدی علاقہ سوست اور چین کے شہر تاشغرغن کے مسافر گاڑیوں کے علاوہ گڈ ٹرانسپورٹ بھی شروع ہوگئی ہے۔ دوسری جانب چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری گلگت بلتستان نے بارڈر پاس کے لئے درخواستیں وصول کرنے کا سلسلہ شروع کیا ہے۔ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری گلگت بلتستان کے صدر عمران علی نے کہا ہے کہ یکم اپریل سے شروع ہونے والی دو طرفہ تجارت کیلئے تاجروں' فرمز سے درخواستیں وصولی کا عمل شروع کردیا ہے،انہوں نے پاک چائینہ تجارت سے منسلک تاجروں کی سہولت کیلئے آفس سیکریٹری کو ہدایات جاری کیں ہیں کہ ممبرشپ کیلئے جمع ہونے والی درخواستوں پر فوری عملدرآمد کیلئے کوششیں تیز کریں، تاجروں کو کوئی بھی پریشانی نہیں ہونی چاہیے، چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسڑی تاجروں کے مسائل کے حل اور سہولیات دینے کیلئے ہمہ وقت کوشاں ہے۔