گلگت بلتستان کے عوام کی امیدوں پر پورا اتریں گے، آئینی حقوق کا مسئلہ حل کرائیں گے، بلاول



اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی)پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹوزرداری نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی نے ہمیشہ گلگت بلتستان کے لوگوں کے حقوق کے لئے کام کیا ہے اور آئندہ بھی اپنی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے گلگت بلتستان کے عوام کی امیدوں پر پورا اتریں گے اور علاقے کے آئینی حقوق کا مسئلہ حل کرائیں گے،چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے امجد ایڈووکیٹ، جمیل احمد، انجینئر اسماعیل، سعدیہ دانش، عمران ندیم، ایوب شاہ، شہزاد آغا اور کلثوم مہدی نے ملاقات کی،وفد نے بلاول بھٹو کو گلگت بلتستان کے سیاسی حالات اور مسائل سے آگاہ کیا، ذرائع کے مطابق وفد میں شامل عہدیداروں کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان کو اب تک جتنے سیاسی حقوق ملے ہیں وہ پی پی کی مرکزی حکومتوں کے دور میں حاصل ہوئے ،اب بھی گلگت بلتستان کے عوام پی پی قیادت سے امید رکھتے ہیں کہ وہ گلگت بلتستان کو آئینی حقوق دلانے میں اپنا کردار ادا کرے گی،وفد کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت پی پی کی حمایت سے قائم ہوئی ہے اس لئے گلگت بلتستان کے عوام کی امیدیں اور بھی بڑھ گئی ہیں کہ ان کے مسائل کے حل میں جو رکاوٹیں ہیں جو جلد دور ہوں گی اور انھیں قومی دھارے میں شامل ہونے کا موقع ملے گا،ذرائع کے مطابق وفد نے گلگت بلتستان میں قائم اتحادی حکومت کے معاملات سے بھی پی پی چیئرمین کو آگاہ کیا، ذرائع کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو نے وفد کو یقین دلایا کہ پیپلزپارٹی اپنی روایات کو قائم رکھے گی اور پوری کوشش کرے گی کہ گلگت بلتستان کو اس انداز میں قومی اسمبلی اور سینیٹ میں نمائندگی دلائی جائے کہ اس سے مسئلہ کشمیر پر پاکستان کے اصولی موقف پر کوئی آنچ نہ آئے انھوں نے کہا کہ اس معاملے پر وہ آئینی اور قانونی ماہرین سے مشاورت کرکے کوئی حل نکالیں گے،بلاول بھٹو نے کہا کہ گلگت بلتستان کے سیاسی مسائل کا معاملہ بھی وہ وفاق میں اٹھائیں گے اور وفاقی حکومت پر دبائو ڈالا جائے گا کہ نہ صرف خطے کے سیاسی مسائل حل کئے جائیں بلکہ خطے کے ترقیاتی منصوبوں کے لئے فنڈزکی بروقت فراہمی بھی یقینی بنائی جائے۔