گلاف ٹو پراجیکٹ کے تحت جاری منصوبوں پر کام تیز کرنے کا فیصلہ

گلگت (پ ر) ڈائریکٹر جنرل گلگت بلتستان ڈیزاسٹرمنیجمنٹ اتھارٹی شجاع عالم کی زیرصدارت یو این ڈی پی اور حکومت گلگت بلتستان کے باہمی اشتراک سے گلاف ٹو پراجیکٹ کے تحت نئے سال کے لئے پلان شدہ منصوبوں پر عملدرآمد سے متعلق ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں یو این ڈی پی کی جانب سے نیشنل پراجیکٹ منیجر گلاف ٹو پراجیکٹ کمال الدین قمر، صوبائی کوارڈینیٹر عبدالباسط اور کمیونیکشن کوارڈینیٹر صفدرعلی صفدر جبکہ جی بی ڈی ایم اے کی جانب سے ڈائریکٹر جنرل شاع عالم کے ہمراہ ڈپٹی ڈائریکٹر ظہیرالدین بابر، اسسٹنٹ ڈائریکٹر زبیر احمد، غفران اللہ بیگ اور احسام الدین نے شرکت کی۔ اجلاس میں دونوں اداروں کے باہمی اشتراک سے گلاف ٹو پراجیکٹ کے تحت مختلف وادیوں کے لئے نئے سال کے منصوبوں اور تعمیراتی منصوبوں پر جاری کام پر تفصیلی گفت وشنید کی گئی۔ اجلاس میں دونوں اداروں کے ذمہ داران نے گلاف ٹو پراجیکٹ کے تحت منصوبوں پر کام کی رفتار میں تیزی لانے اور تمام منصوبوں کو مقررہ ہدف کے تحت مکمل کرنے کا اعادہ کیا۔ اجلاس میں نیشنل پراجیکٹ منیجر گلاف ٹو کمال الدین قمر نے تاکید کہ گلاف ٹو کے تحت عوامی فلاح وبہبود کے منصوبوں پر کام کی رفتار اور معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے کیونکہ موثر اور دیرپا اقدامات کے ذریعے ہی موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے میں مدد مل سکیں۔ مہناز فاطمہ فاونڈیشن گلگت میں موسیماتی تبدیلی سے متعلق منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کمال الدین قمر نے کہا کہ یو این ڈی پی اور حکومت پاکستان کے باہمی اشتراک سے گلاف ٹو پراجیکٹ کے تحت جاری منصوبوں میں گلیشائی جھلیوں کے پھٹنے کے خطرے سے دوچار علاقوں میں حفاظتی اقدامات کے علاوہ مختلف اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ موسمیاتی تبدیلی کے اثرات پر اگاہی سیشنز منعقد کئے جارہے ہیں جس میں خاص طور پر سکولوں اور کالجوں کے طلباوطالبات اور نوجوان نسل کو موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے متعلق تربیت فراہم کی جارہی ہے اس مقصد کے لئے گلاف ٹو پراجیکٹ کے تحت روان سال ایک سو سے زائد سکولوں اور کالجوں کے طلبا وطالبات کو خصوصی تربیت فراہم کی جائیگی جبکہ قراقرم انٹرنیشل یونیورسٹی کے تعاون سے موسمیاتی تبدیلی اور قدرتی آفات کے خطرات کے حوالے سے بین الاقوامی کانفرنس کا انعقاد بھی منصوبے کا حصہ ہے تاکہ سب ملکر خطے کو درپیش اس اہم مسئلے کے نمٹنے کے لئے کردار ادا کرسکیں۔