گلگت (سٹاف رپورٹر) معاون خصوصی برائے اطلاعات ایمان شاہ نے کلکٹر کسٹم محمد ارشد خان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاک چین تجارتی علاقے سوست میں 30 بستروں پر مشتمل ہسپتال کا کام مکمل ہو چکا ہے جس کا بہت جلد افتتاح ہوگا سی پیک روٹ پر ہسپتال کی وجہ سے مریضوں کو علاج معالجے کی بروقت سہولیات دستیاب ہوں گی ۔ کسٹم ہاوس میں کلکٹر کسٹم سے گفتگو کرتے ہوئے معاون خصوصی برائے اطلاعات ایمان شاہ نے کہا کہ صوبائی حکومت دور دراز علاقوں میں عوام کو صحت اور تعلیم کی سہولیات فراہم کرنے کے لئے کوشاں ہے۔ سوست میں ہسپتال فنکشنل ہونے سے مقامی آبادی' سیاحوں اور تاجروں کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات دستیاب ہوں گی۔ ایمان شاہ نے کہا گلگت بلتستان کی یوتھ ہمسایہ ملک سے تجارت کر کے روزگار کما رہی ہے لہذا گلگت بلتستان کے عوام کو کسٹم ڈیوٹی خصوصا بیگیج میں رعایت دی جائے اس موقع پر کلکٹر کسٹم محمد ارشد خان نے کہا کہ سوست میں کسٹم کا کمپلیکس تکمیل کے آخری مراحل میں ہے جس سے تاجروں کو سہولیات دستیاب ہوں گی کلکٹر کسٹم نے کہا کہ بیگیج کا تصور مسافر اپنے ہاتھ یا بس میں محدود سامان لائیں مگر 5 سے 10 ٹن سامان کو کمرشل تصور کیا جاتا ہے جس کو بیگیج کی شکل میں اجازت نہیں دی جا سکتی ہے انہوں نے کہا کہ حکومت کی اولین کوشش ہے کہ پاک چین سرحد کو خنجراب ٹاپ سے سارا سال کھولنے کے لئے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں
۔