صحافیوں کے مسائل کا مستقل حل نکالا جائے گا، وزیراعلیٰ

 گلگت(پ ر)وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے گلگت بلتستان یونین آف جرنلسٹس کے عہدیداران سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان کے عامل صحافیو ں کے مسائل حل کرنے کےلئے حکومت سنجیدگی سے اقدامات کررہی ہے۔ صحافیوں کے تحفظ اور ان کی فلاح و بہبود کو یقینی بنانے کےلئے اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو اپنی سفارشات کو آئندہ 10 روز میں حتمی شکل دے گی۔ کمیٹی کو کارروائی کو تیز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ صحافیو ں کی فلاح و بہبود کےلئے قائم کمیٹی کے چند ممبران کی عدم دستیابی کی وجہ سے سفارشات مرتب کرنے میں تاخیر ہورہی تھی جس کو مدنظر رکھتے ہوئے متبادل ممبران کو کمیٹی میں شامل کیا جارہا ہے۔ اس ضمن میں چیئرمین بورڈ آف انوسٹمنٹ و ممبر گلگت بلتستان اسمبلی فتح اللہ خان کو کمیٹی میں شامل کیا گیا ہے ۔ معاون خصوصی برائے وزیر اعلیٰ حسین شاہ کو بھی کمیٹی میں شامل کردیا گیا ہے جوکہ مقررہ مدت میں سفارشات کو حتمی دے گی۔ وزیر اعلیٰ نے کہاکہ بحیثیت وزیر اعلیٰ پہلے دن سے صوبے کے صحافیوں کو درپیش مشکلات کا ادراک ہے اس لئے صحافیوں کے مسائل کو مستقل بنیادوں پر حل کرنے کےلئے کمیٹی کی سفارشات کا جائزہ لے کر مستقل حل نکالاجائے گا۔ اس موقع پر گلگت بلتستان یونین آف جرنلسٹس کے عہدیداروں نے پہلی مرتبہ صحافیوں کی ویجز کے حوالے سے محکمہ اطلاعات کی جانب سے میڈیا ہاﺅسز کو جاری مراسلے کو سراہتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت نے صحافیوں کی فلاح و بہبود کےلئے جن اقدامات کا آغاز کیا ہے و ہ قابل تحسین ہیں۔ حکومت کی مثبت اور صحافت دوست پالیسیوں کی وجہ سے ہمیں امید ہے کہ موجودہ حکومت ہمارے مسائل حل کرنے میں سنجیدہ ہے۔ کمیٹی کے سفارشات کی روشنی میں ہمارے مسائل حل ہوں گے۔