گورنر، وزیر اعلی کے پی کے اختلافات شدت اختیار کرگئے

خیبر پختونخوا کے گورنر اور وزیر اعلی کے درمیان اختلافات شدت اختیار کرگئے،بات چیت کی پیشکش اور کھانے کی دعوت کے باوجود برف پگھل نہ سکی،گورنر خیبر پختونخوا کے لیے اسلام آباد میں کے پی ہاﺅ س کے دروازے بند کردئیے گئے جبکہ گورنر بلاک وزرا اور ارکان اسمبلی کو دے دیا گیا۔  صوبائی مشیر اطلاعات بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے اس حوالے سے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی دل نہ ہاریں، سندھ ہاﺅ س میں پی ٹی آئی ایم پی اے کی طرح خیبرپختونخوا ہاﺅس میں ان کا داخلہ بند نہیں کریں گے۔بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے بتایا کہ فیصلہ خیبر پختونخوا کابینہ کے گزشتہ اجلاس میں کیا گیا تھا، کابینہ میں وزرا اور ممبران اسمبلی کے لیے رہائش کا مسئلہ درپیش تھا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ گورنر انیکسی فی الحال ممبران صوبائی اسمبلی اور وزرا استعمال کریں گے، گورنر کے لیے متبادل رہائشی بندوبست کیا جا رہا ہے۔بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی فی الحال سندھ ہاﺅس میں قیام کا بندوست کریں، ان کی رہائش کے لیے متبادل انتظام کیا جا رہا ہے۔بیرسٹر ڈاکٹر سیف کا کہنا تھا کہ گورنر خیبرپختونخوا کے اسلام آباد میں کئی گھر ہیں، ان کے لیے اسلام آباد میں رہائش کی کوئی کمی نہیں ہے۔