مافیا کے قبضے سے گلگت بلتستان میں پارٹی کا شیرازہ بکھر گیا، ن لیگ انور گروپ

 اسلام (سٹاف رپورٹر)پاکستان مسلم لیگ(ن) گلگت بلتستان کے سینئر رہنماں کا ایک اہم اجلاس گلگت بلتستان ہاﺅس اسلام آباد میں صوبائی وزیر زراعت انجینئر محمد انور کی صدارت میں ہوا، پارٹی کے ڈپٹی جنرل سیکریٹری و سابق ڈپٹی سپیکر جعفر اللہ خان، مسلم لیگ ،ن، ویمن ونگ گلگت بلتستان کی صوبائی سیکرٹری اطلاعات و ممبر صوبائی اسمبلی رانی صنم بی بی، صوبائی مشیر برائے وزیر اعلی گلگت بلتستان و صوبائی صدر مسلم لیگ (ن) کلچرل ونگ شراف الدین فریاد، سابق رکن اسمبلی شفیع خان، سابق رکن اسمبلی میجر (ر)محمد امین، لیاقت علی جانو، سید اسلم شاہ، چوہدری محمد دین، قاری محمد وزیر صدیقی، اسلام الدین، عظمت اللہ، شاہ نواز، نمبردار شاہد حسین و دیگر نے شرکت کی۔ اجلاس میں قائد میاں محمد نواز شریف کی جانب سے ملک بھر سمیت گلگت بلتستان میں پارٹی کی از سر نو تنظیم سازی کے اعلان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی کے قائد کے اعلان کے بعد پارٹی کے لئے قربانیاں دینے والے حقیقی نظریاتی ورکروں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے کیونکہ پارٹی کے اندر گزشتہ 20 سالوں میں تنظیم سازی نہ ہونے اور ایک مخصوص مافیا کے قبضے کے باعث گلگت بلتستان میں نہ صرف پارٹی کا شیرازہ بکھر گیا تھا بلکہ پارٹی کے مشکل وقت میں قربانیاں دینے والے سخت مایوس اور محرومی کا شکار تھے، میاں صاحب کے اعلان کے بعد امید کی نئی کرن نے جنم لیا ہے۔ انشا اللہ میاں صاحب کی قیادت میں ہونے والے از سر نو تنظیم کے بعد پاکستان مسلم لیگ ،ن، پورے گلگت بلتستان میں دوبارہ فعال ہوگی۔ اجلاس میں کہا گیا کہ میاں محمد نواز شریف ہی نظریاتی مسلم لیگیوں کے تاحیات قائد اور حقیقی شہنشاہ تعمیرات ہیں۔