وسائل محدود، بیک وقت تمام مسائل کا حل ممکن نہیں ،وزیراعلیٰ

شگر(پ ر) وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے کہاہے کہ ترقیاتی منصوبوں کی رفتار اور معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ مفاد عامہ کے منصوبوں کی ٹائم لائن پر ہر صورت عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ منصوبوں کی غیر ضروری ریویژن کی حوصلہ شکنی ہوگی۔ ڈپٹی کمشنر ترقیاتی منصوبوں کی نگرانی کریں۔شگرمیں محکموں کے سربراہان کے اجلاس کے موقع پر گفتگوکرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ شگر زرعی شعبے کے حوالے سے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ لائیو سٹاک اور زراعت پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ سیاحت اور معدنیات کے حوالے سے بھی شگر میں وسیع مواقع ہیں، ان اہم شعبوں پر توجہ دے کر علاقے کی ترقی اور عوام کی معیار زندگی بہتر بنائی جائے گی۔ محکموں کے ضروری دفاتر کے قیام کےلئے پی سی ون تیار کرکے آئندہ سالانہ ترقیاتی پلان میں شامل کرنے کےلئے متعلقہ فورم میں جمع کرائیں۔ شگر میں تمام محکموں کے دفاتر کا قیام عمل میں لائیں گے اور مثالی ضلع بنائیں گے۔ دریائی کٹاﺅ کی روک تھام کےلئے ضروری اقدامات کےلئے فیڈرل فلڈ کمیشن کو سفارش کی جائے گی۔ وزیر اعلیٰ نے تمام متعلقہ محکموں کے سربراہان کو ہدایت کی کہ محکوں میں خالی آسامیوں کو مشتہر کرکے میرٹ پر بھرتیاں عمل میں لائیں۔ K2 گلگت بلتستان میں بین الاقوامی سیاحت کےلئے منفرد مقام رکھتا ہے جس کو مدنظر رکھتے ہوئے کیمپنگ سائٹ تک صفائی کو یقینی بنائیں۔ بعدازیں وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے شگر امن کمیٹی کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شگر انتہائی پرامن اور بھائی چارگی کے حوالے سے مثالی ضلع ہے۔ شگر زکوٰة کمیٹی کا الگ چیئرمین ہوگا تاکہ مستحقین کو سکردو جانے کی ضرورت نہ ہو۔ وزیر اعلیٰ نے شگر کے علمائے کرام کا امن وامان برقرار رکھنے میں انتہامیہ کے ساتھ تعاون کو سراہتے ہوئے خراج تحسین پیش کیا۔ وزیر اعلیٰ نے کہاکہ بلتستان میں روڈ انفراسٹرکچر کو بہتر بنائیں گے۔ بلتستان کے عوام اور سیاحوں کو نقل و حمل کے بہتر مواقع فراہم کریں گے۔ گلاب تحصیل آفس کی عمارت کا منصوبہ اے ڈی پی میں شامل کیا جائے گا۔ بلڈنگ کی تعمیر تک موجودہ بلڈنگ کا کرایہ حکومت ادا کرے گی۔ امن کے بغیر کسی بھی علاقے کی ترقی ممکن نہیں۔ شگر کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے۔ زمینوں کی آباد کاری کےلئے ایری گیشن چینلز کی فزیبلٹی تیار کرنے کے احکامات دیئے ہیں۔ بنجر زمینوں کی آباد کاری سے مستقبل میں شگر زرعی شعبے میں خود کفیل ہوگا اور پورے گلگت بلتستان کو زرعی اجناس فراہم کرسکے گا۔ وزیر اعلیٰ نے ڈپٹی کمشنر شگر کو ہدایت کی ہے کہ خصوصی افراد کی تربیت کے سنٹر کے قیام کےلئے منصوبہ اے ڈی پی میں رکھا جائے ، اس منصوبے کےلئے پانچ کنال زمین فراہم کی جائے ۔ قبل ازیں وزیر اعلیٰ نے علمائے کرام اور عمائدین شگر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان کو زرعی شعبے میں خود کفیل بنانا حکومت کی ترجیحات میںشامل ہے۔ زرعی شعبے کی بہتری کےلئے حکومت خصوصی اقدامات کررہی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے شگر میں عمائدین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شگرکی تعمیر و ترقی ہماری ترجیحات میں شامل ہے۔ میں سب ڈویژن تحصیل کا اعلان کرتا ہوں تاکہ عوام کے مسائل ان کے دہلیز پر حل ہوسکیں۔ دورافتادہ اور پسماندہ علاقوں پر خصوصی توجہ دیں گے۔ میری پہلے دن سے خواہش تھی کہ شگر اور نگر سے منتخب نمائندے میری کابینہ میں شامل ہوں۔ ہمارے محدود وسائل کی وجہ سے تمام مسائل ایک وقت میں حل کرنا ممکن نہیں لیکن بنیادی مسائل حل کریں گے۔ شگر کے بنجر زمینوں کی آباد کاری کےلئے آبپاشی کے چینل کا سروے کرنے کے احکامات دیئے ہیں۔