عمران خان خیبرپختونخوا میں علیحدگی کی تحریک چلانے کا آپشن رکھنا چاہتے ہیں ، خواجہ آصف

 وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے جو بیج بوئے ہیں اس کے نتائج بہت خطرناک ہوں گے،عمران خان خیبرپختونخوا میں علیحدگی کی تحریک چلانے کا آپشن رکھنا چاہتے ہیں،جو ماحول بانی پی ٹی آئی نے بنا دیا ہے اس کے بعد میثاق پارلیمان کمیٹی کا کوئی جواز نہیں، یہ جس راستے پر چل نکلے ہیں اس پر واپسی کا کوئی راستہ باقی نہیں رہ گیا۔ان خیالات کااظہار انہوں نے ہفتہ کوقومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کیا ۔وزیر دفاع نے تحریک انصاف اور علی امین گنڈا پور کو شدید تنقید کا نشانہ بنا تے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی خیبرپختونخوا میں نفرتوں کی آگ بھڑکا رہا ہے، ڈر ہے کہ خدانخواستہ یہ خیبر پختونخوا میں علیحدگی کی تحریک نہ چلا دیں ، جلسے میں جو گفتگو کی گئی وہ علیحدگی پسندوں کی زبان ہے ، بانی پی ٹی آئی کے پی میں علیحدگی کی تحریک چلانے کا آپشن رکھنا چاہتے ہیں، عمران خان نے جو بیج بوئے ہیں اس کے نتائج بہت خطرناک ہوں گے ، کوئی صوبہ دوسرے پر لشکر کشی کی بات نہیں کرتا۔خواجہ آصف نے کہا کہ علی امین گنڈا پور کے ذریعے ڈبل گیم کھیلی جارہی ہے ، ان کا قبلہ پنڈی جی ایچ کیو ہے ، ان سے بات کرنا چاہتے ہیں، ان کا سیاسی قبلہ تو پارلیمنٹ ہونا چاہیے ، ان کے پاﺅں بھی گرتے ہیں پھر ٹویٹ بھی کرتے ہیں، انہوں نے چیف جسٹس فائزعیسی کو بھی نشانہ بنایا۔خواجہ آصف کا کہناتھا کہ پنجاب میں سب قومیں بستی ہیں،یہاں کوئی غیرمحفوظ نہیں،آپ نے میڈیا سے معافی مانگ لی کیونکہ ان کی ضرورت ہے،یہ لوگ پاکستان مخالف بیانیہ کو تقویت دینا چاہتے ہیں،پی ٹی آئی اقتدار میں تھی تو کرپشن ثبوتوں پر جنرل عاصم کو ہٹایا۔انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کی تجویز پر کمیٹی تشکیل دی گئی،اچھے ماحول میں تقاریر ہوئیں، پہلے اجلاس میں شرکت کی تھی،ماحول دیکھ کر میں نے کمیٹی میں احتجاج اور واک آوٹ بھی کیا،قابل احترام لوگوں کی وجہ سے میں وہاں بیٹھا تھا،جو کہا وہ سچ ہے، ٹویٹ سے ماحول خراب کرنے کی کوشش کی گئی،وزیراعلی خیبرپختونخوا کا نام بار بار لیا جا رہا ہے،وزیراعلی خیبرپختونخوا اپنی مرضی سے کئی گھنٹے وہاں رہے،بانی پی ٹی آئی علی امین کو ساتھ رکھنا چاہتا ہے کیونکہ اس کے رابطے ہیں،عمر ایوب جس بھی پارٹی میں رہے ایسی ہی تقریریں کیا کرتے تھے۔خواجہ آصف نے کہا کہ اس ٹویٹ کے بعدکیااب کوئی شک رہتاہے؟ابھی بھی ان کی طرف سے ڈبل گیم ہورہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عاصم منیر اسٹیبلشمنٹ کے سربراہ ہیں، یہ ان کے پیروں میں گرنا چاہتے ہیں،چیف جسٹس قاضی فائز عیسی کو اپوزیشن نے نشانہ بنایا،بانی پی ٹی آئی جیل کے اندر کون سا گانا گارہے ہیں،ہوسکتا ہے وہ گانا گارہے ہوں کہ آجا میرے بالم تیرا انتظار ہے ۔گا لیاں اور ساتھ مذاکرات بھی، ان سے یہ چند ہفتوں کی بات ہے،یہ پھر ان سے مذاکرات کی بات کریں گے،آرمی چیف کے ماتحت ان کی اتنی تعریف نہیں کرتے جتنے یہ کرتے ہیں،اب ان لوگوں نے ان کے خلاف ٹوئٹ شروع کردی ہے،انہوں نے صرف میڈیا سے معافی مانگی،جانتے ہیں میڈیا کتنا خطرناک ہے۔