ایک افسر کے تبادلے کا تنازع،منصوبوں پر کام رک گیا

گلگت( نامہ نگار)محکمہ تعلیم کے شعبہ تعمیرات کے افسران کے تبادلے کا معمہ حل نہ ہوسکا۔ محکمہ تعلیم کے اہم منصوبے التوا کا شکار جبکہ کام مکمل کرنے والے ٹھیکدار کو ادائیگیاں نہ ہوسکیں۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ تعلیم گلگت بلتستان کے شعبہ تعمیرات کے ایکسیئن کا تبادلہ ہوا تھا جس پر موصوف نے عدالت سے اپنے تبادلے کے خلاف حکم امتناع حاصل کرلیا ہے۔ عدالت نے 14 اپریل تک معاملے پر حکم امتناعی جاری کردیا ہے۔ اس مسلے کو بنیاد بناکر محکمہ تعلیم کے شعبہ تعمیرات کے اہم منصوبوں پر کام کرنے والے ٹھیکداروں کو ادائیگیاں نہیں ہوسکیں، جس باعث مختلف سائٹس پر ٹھیکداروں نے کام روک دیا۔ جبکہ دیگر منصوبے پر کام مکمل کرنے والے ٹھیکدار اپنی بقایا جات کے لئے دربدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہوچکے ہیں۔ اہم ذرائع کے مطابق محکمہ مالیات گلگت بلتستان کی طرف سے محکمہ تعلیم کے اہم منصوبوں کے لئے ریلیزز جاری کردئیے ہیں، اس کے باوجود ایک افیسر کے تبادلے کو بنیاد بناکر ادائیگیاں نہ کرنا ٹھیکداروں کے ساتھ ساتھ محکمہ تعلیم کے اہم منصوبوں کے ساتھ بھی ناانصافی ہے۔ ایک طرف صوبائی حکومت ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل پر زور دے رہی ہے جبکہ دوسری جانب افسران کی غفلت کے باعث اہم منصوبے تاخیر کا شکار ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں