سکردو (محمد اسحاق جلال) معروف عالم دین علامہ سید شہنشاہِ حسین نقوی نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کے اوپر سب کی نظریں ہیں لہذا یہاں کے عوام کو ہوشیار رہنا ہوگا یہاں کے وسائل کی حفاظت یہاں کے لوگوں کی شرعی اخلاقی اور قانونی ذمہ داری ہے آج اگر ہم نے اپنی زمینوں کی حفاظت نہ کی تو برسوں ہمیں رونا پڑے گا دینی اقدار کے تحفظ کے ساتھ ساتھ سماجی اقدار کے تحفظ کیلئے بھی اقدامات اٹھانا ہونگے کوئی شک نہیں کہ بلتستان امن پسندی کے حوالے سے پوری دنیا میں اپنا ایک مقام رکھتا ہے مگر ہمیں یہاں کے امن کے ساتھ ساتھ وسائل کو بھی محفوظ کرنا ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے بین الاقوامی شہرت یافتہ منقبت خوانوں علی کاظم خواجہ سید جان علی شاہ رضوی زین ترابی اور خواجہ ندیم کے چہلم کے موقع پر امام بارگاہ چھنی رگیایول اور شگر میں بڑے عوامی اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہاکہ جامشورو واقعہ معمولی نہیں اس میں بڑی جانیں ضائع ہوئیں بڑے قیمتی لوگ اس سانحے میں ہم سے بچھڑ گئے علی کاظم ایک پیدا ہوا تھا بار بار کاظم پیدا نہیں ہوگا ہمیں اپنے ہیروز کی قدر کرنا ہوگی انہوں نے کہاکہ اتحاد امت ہمارا منشور ہے ہمارے دروازے نہ صرف تمام انسانوں کیلئے کھلے ہیں ہم چاہتے ہیں کہ اسلامی کی حقیقی تعلیمات کا پرچار کیا جائے انہوں نے کہاکہ امام بارگاہ ایک بہترین درسگاہ ہے اس درسگاہ میں آنے کیلئے انسان ہونا شرط ہے یہاں تمام مسالک ‘ مذاہب کے لوگ داخل ہوسکیں گے انہوں نے کہاکہ گلگت بلتستان کے لوگ عظیم ہیں یہاں کے لوگ محبت کرنے والے ہیں ملک بھر میں یہاں کے لوگوں کی شہرت ایمانداری دیانتداری کے حوالے سے ہے پورے ملک میں یہاں کے علمائے کرام خدمات انجام دے رہے ہیں ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی رہنما علامہ حسن ظفر نقوی اسلامی تحریک کے رہنما علامہ ناظر عباس تقوی ایم ڈبلیو ایم کے رہنما سید ناصر عباس شیرازی آغا سید علی رضوی اور دیگر نے کہاہیکہ سانحہ جامشورو ملکی تاریخ کا بدترین واقعہ ہے اس سانحے میں پانچ قیمتی جانیں ضائع ہوئیں اس سانحے نے بین الاقوامی شہرت یافتہ منقبت خوانوں کو ہم سے چھین لیا مگر ابھی تک اس اندوہناک سانحے میں ملوث افراد کو کیفر کردار تک نہیں پہنچایا گیا ہم چاہتے ہیں کہ سانحے کے کرداروں کو قرار واقعی سزا دی جائے جب تک جی آئی ٹی نہیں بنے گی اور ذمہ داروں کو کیفر کردار تک نہیں پہنچایا جائے گا تب تک ہم خاموش نہیں بیٹھیں گے زیادتیاں بہت ہوگئیں اب ناانصافیوں کا سلسلہ ختم ہوجانا چاہیئے انہوں نے کہاکہ گلگت بلتستان کے لوگ حقوق مانگ رہے ہیں مگر انہیں ٹرخایا جارہا ہے ہمارا مطالبہ ہے کہ گلگت بلتستان کو بھی وہ حقوق دئیے جائیں جن کا ذکر کسی بھی ریاست کے آئین و قانون میں موجود ہے
گلگت بلتستان پر سب کی نظریں، عوام کو ہوشیار رہنا ہوگا، شہنشاہ نقوی
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل
