گلگت(سٹاف رپورٹر)شاہراہ قراقرم کی تعمیر میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے مزدوروں اور انجینیئرز کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے چائینہ یاد گار دنیور میں تقریب کا انعقاد کیا گیا ۔چین کے سفارتخانے کے تعاون سے اوورسیز چائنیز ایسوسی ایشن گلگت بلتستان اور محکمہ پولیس کے اشتراک سے منعقدہ تقریب میں چائنہ یادگار میں مدفون چینیوں کے لواحقین، اوورسیز چائنیز اور مقامی افراد نے شرکت کی،اس موقع پر چائینیز یادگار پر شمعیں روشن کی گئیں،تقریب کے مہمان خصوصی ڈی آئی جی پولیس گلگت ہیڈ کوارٹر خواجہ نوید احمد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین کے تعلقات بے مثال ہیں شاہراہ قراقرم کی تعمیر کے بعد دونوں ممالک کے تعلقات مزید مستحکم ہوئے ہیں اس اہم شاہراہ کی تعمیر سے گلگت بلتستان سمیت ملک میں تعمیر و ترقی کے ایک نئے دور کا آغاز ہوا ہے واضح رہے کہ شاہراہ قراقرم کی تعمیر 1966 میں شروع ہوئی اور 1978 میں مکمل ہوئی۔اس سڑک کے پاکستانی سیکشن کی تعمیر کے دوران 778 پاکستانی اور 110 چینی کارکنوں کی جانیں قربان ہوئیں جن میں سے 88 چائنیز چائنہ یادگار میں مدفون ہیں اور ہر سال چار اپریل کو تقریب منعقد کر کے چائنا یادگار میں مدفون چینی کارکنوں اور انجینیئرز کو خراج تحسین پیش کیا جاتا ہے۔
شاہراہ قراقرم کی تعمیر میں جان گنوانے والوں کو خراج عقیدت
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل
