گلگت میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ بیس گھنٹے سے متجاوز

گلگت (نامہ نگار خصوصی) موسم معتدل ہونے کے باوجود لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 20 گھنٹے سے تجاوز کر گیا۔ گلگت شہر میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 20 گھنٹے اور 10 منٹ ہو گیا۔ واٹر اینڈ پاور ڈیپارٹمنٹ نے لوڈ مینجمنٹ پروگرام جاری کردیا۔ لوڈ مینجمنٹ پروگرام کے مطابق شہر میں دن کے اوقات میں ڈیڑھ گھنٹے اور شام میں ایک گھنٹہ 50 منٹ بجلی ملے گی۔ لوڈشیڈنگ مینجمنٹ پروگرام میں مزید کہا گیا ہے کہ کسی بھی فنی خرابی کی صورت میں شیڈول متاثر ہوگا۔ اوور لوڈ ہونے کی صورت میں لوڈشیڈنگ میں مزید بیس منٹ کا اضافہ کیا جائے گا۔ لوڈشیڈنگ میں اضافہ سے شہری پریشان کاروبار متاثر اور مارکیٹ ٹھپ ہوکر رہ گیا ہے۔ طلبا کی پڑھائی تو ایک طرف ہوم ورک بھی مکمل کرنے میں دشواری کا سامنا ہے۔تاجر حضرات کو جنریٹر کے ذریعے دکانوں کو روشن کرنے سے اخراجات میں کئی گنا اضافہ کا سامنا ہے۔ لوڈ شیڈنگ کے باعث چھوٹے کارخانے بند ہونے سے بے روزگاری میں اضافہ ہوا ہے۔ حکومتی دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے۔ ایک طرف مہنگائی کے اس دور میں بجلی کی لوڈشیڈنگ سے تمام کاروبار متاثر تو دوسری طرف زندگی کا سفر مشکل ترین مراحل میں داخل ہوا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں