تھرمل بجلی فراہمی کی مدت میں دو ماہ توسیع کی جائے، دھرنا کوآرڈینیشن کمیٹی

ہنزہ(اجلال حسین)دھرنا کوآرڈینیشن کمیٹی کا صوبائی حکومت سے تھرمل بجلی کی فراہمی میں دو ماہ کی توسیع کا مطالبہ، دھرنا کوآرڈینیشن کمیٹی نے صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ تھرمل جنریٹر کے ذریعے فراہم کی جانے والی بجلی کی مدت میں مزید دو ماہ کی توسیع کرے تاکہ موجودہ حالات میں عوام کو درپیش مشکلات کم کی جا سکیں۔کمیٹی کے نمائندوں کا کہنا ہے کہ اس وقت علاقہ میں سیاحت کا سیزن عروج پر ہے اور ملک بھر کیساتھ بیرونِ ملک سے بھی سیاحوں کی بڑی تعداد یہاں کا رخ کر رہی ہے۔ بجلی کی عدم فراہمی کی وجہ سے سیاحوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے اور گھر کا چولہا جلانے کے لئے فری لانسنگ سے منسلک سینکڑوں فری لانسرز بھی شدید متاثر ہیں جو نہ صرف مقامی معیشت بلکہ علاقے کی ساکھ پر بھی اثر ڈال سکتا ہے۔اس کے علاوہ میٹرک کے طلباء و طالبات کے امتحانات بھی جاری ہیں اور آئندہ کچھ دنوں میں انٹر کے طلباء وطالبات کے امتحانات بھی شروع ہونے والے ہیں اور بجلی نہ ہونے کی وجہ سے ان کی تعلیم بری طرح متاثر ہو رہی ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ روزمرہ زندگی بھی مفلوج ہو کر رہ گئی ہے۔دھرنا کوارڈینیشن کمیٹی نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ چودہ نکاتی چارٹر آف ڈیمانڈ پہ عملدرآمد کے لئے مناسب اقدامات اٹھائیں خصوصاً چپرسن پار پراجیکٹ، کے ایف ڈبلیو حسن آباد اور شیناکی ٹرانسمیشن لائن جیسے اہم پراجیکٹس کو مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے ان اہم پراجیکٹس میں تاخیری حربے دھرنا کوآرڈینیشن کمیٹی بالکل قبول نہیں کرے گی کمیٹی نے حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ انسانی ہمدردی اور عوامی مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے فوری طور پر تھرمل بجلی کی فراہمی میں دو ماہ کی توسیع کرے تاکہ سیاحوں اور طلبہ سمیت تمام متاثرہ افراد کو کچھ ریلیف مل سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں