گلگت(پ ر) سپیکر گلگت بلتستان اسمبلی نذیر احمد ایڈووکیٹ کا انتظامی افسران کے ہمراہ پھنڈر کا تفصیلی دورہ ، اسسٹنٹ کمشنر گوپس اور ریونیو ٹیم کو برفباری سے متاثرہ درختوں، مال مویشی اور دیگر نقصانات کا فوری سروے مکمل کر کے رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیدیا۔ گزشتہ دنوں شدید برف باری کے باعث علاقے میں نظام زندگی بری طرح متاثر ہوکر رہ گیا تھا۔ اسپیکر اسمبلی نے گائوں گائوں جا کر عوام کی خیریت دریافت کی اور ان کے مسائل سنے۔اس موقع پر انہوں نے مختلف ڈسپنسریوں کا دورہ کیا اور ادوایات کی دستیابی کا جائزہ لیا ، وافر مقدار میں ادوایات پر ڈی ایچ او غذر کا شاباش دی جبکہ گندم گوداموں اور بجلی کی بحالی کے لئے ہونے والے کاموں کا بھی جائزہ لیا اور گندم کی مزید ترسیل کے لئے ہدایات جاری کر دیں۔ اس دورے میں اسپیکر اسمبلی کے ہمراہ مختلف محکموں کے ذمہ داران بھی موجود تھے جن میں ایڈیشنل ایس پی گوپس یاسین، اسسٹنٹ کمشنر گوپس، ایس ڈی او پاور، ڈی ایچ او غذر اور دیگر محکموں کے سربراہان شامل تھے۔ اسپیکر اسمبلی ابتدا ہی سے عوام کے ساتھ موجود رہے اور تمام متعلقہ اداروں کو بروقت ہدایات دیتے رہے۔موبائل سروس کی بحالی کے لیے ایس سی او کے سیکٹر کمانڈنٹ سے رابطہ کیا گیا جنہوں نے دھیمل اور پنگل تک سروس کی بحالی کی یقین دہانی کروائی۔اسپیکر اسمبلی نے اسسٹنٹ کمشنر گوپس اور ریونیو ٹیم کو ہدایت دی کہ برفباری سے متاثرہ درختوں، مال مویشی اور دیگر نقصانات کا فوری سروے مکمل کر کے رپورٹ پیش کی جائے تاکہ متاثرہ عوام کی بحالی ممکن ہو سکے۔عوام سے خطاب کرتے ہوئے اسپیکر اسمبلی نے کہا کہ یہ قدرتی آفت اللہ کی طرف سے ایک امتحان ہے، اس پر صبر کے ساتھ ایک دوسرے کا ساتھ دینا وقت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے عوام کو یقین دلایا کہ وہ ہر مشکل میں ان کے ساتھ موجود ہیں اور ان کے مسائل کا ادراک رکھتے ہیں۔اس موقع پر اسپیکر اسمبلی نے جی ایس آر پراجیکٹ کے تحت برفانی تودوں سے متاثرہ علاقوں میں اسنوشیلٹرز بنانے کی نوید بھی دی۔
سپیکر پھنڈرپہنچ گئے، نقصانات کے فوری سروے کا حکم
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل
