گلگت بلتستان کے مسائل پیپلز پارٹی حل کرے گی، مہدی شاہ

کراچی(خصوصی رپورٹ) گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ نے کہا ہے کہ اگر آج ذوالفقار علی بھٹو زندہ ہوتے تو غزہ کی یہ صورتحال کبھی نہیں ہوتی، سید مہدی شاہ آرٹس کو نسل کراچی میں پیپلز بھٹو فورم کے تحت شہید ذوالفقار علی بھٹو کی 46 ویں برسی کے موقع پر ایک سیمینار سے خطاب کر رہے تھے انہوں نے کہا کہ دنیا کی بدلتی صورتحال میں انٹرنیشنل لیڈر کی ضرورت ہے اور ہمیں اس بات کا یقین ہے کہ اس خلا کو پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری پورا کریں گے سید مہدی شاہ نے کہا کہ پاکستان اس وقت جس بحران کا شکار ہے وہ چار اپریل 1979 کو ذوالفقار علی بھٹو کی پھانسی سے شروع ہوا جس کا تسلسل ابھی تک جاری ہے سید مہدی شاہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی غریب عوام کی جماعت ہے، بھٹو ہر دور میں زندہ رہے گا محترمہ بے نظیر بھٹو نے ملک اور جمہوریت کے لئے جان کا نذرانہ دے کر شہید کا رتبہ حاصل کیا گڑھی خدا بخش بھٹو خاندان کا قبرستان نہیں بلکہ شہیدوں کا قبرستان ہے جہاں سے ہم سیاسی رہنمائی حاصل کرتے ہیں انہوں نے کہا کہ میں ہر سال گڑ ھی خدا بخش آتا ہوں میں ایک مڈل کلاس کا شخص تھا مجھے بھٹو اور بے نظیر بھٹو نے اتنے بڑے عہدوں سے نوازا جس کا میں تصور بھی نہیں کر سکتا ،مہدی شاہ کا مزید کہنا تھا کہ ملک ہو یا گلگت بلتستان مسائل کا حل صرف پی پی کے پاس ہے،گلگت بلتستان کو جتنے بھی حقوق ملے وہ پی پی نے دیے ہیں اور جی بی کے عوام جانتے ہیں کہ آئندہ بھی ان کے مسائل پی پی کی قیادت ہی حل کرے گی۔تقریب سے معروف تجزیہ نگار غازی صلاح الدین لیجنڈری فنکار مصطفی قریشی، ڈاکٹر کریم خواجہ صوبائی مشیر سندھ نجمی عالم تاجر رہنما میاں طارق ، حاجی حنیف سمو نے بھی خطاب کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں