گلگت(پ ر)عوامی ایکشن کمیٹی گلگت بلتستان کا مرکزی چیئرمین احسان ایڈوکیٹ کی صدرات میں عید ملن پارٹی و جنرل باڈی اجلاس کا انعقاد کیا گیا۔اجلاس میں عوامی ورکرز پارٹی کے چیئرمین باباجان ، تحریک منہاج القرآن کے صدر محبوب ولی ، کے این ایم کے چیئرمین ممتاز نگری ، پاکستان یمز اینڈ منرلز ایسوسی ایشن کے سینئر وائس چیئرمین حسین اکبر ، پاک چائنہ بارڈر ٹریڈ ایسوسی ایشن رہنما یاور حسین1 ، جنرل سیکرٹری پاک چائنہ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن خادم حسین ، جی بی یو ایم کے رہنما فدا ایثار ، ایم ڈبلیو ایم ضلع گلگت کے صدر عارف قمبری ، جے کے ایل ایف کے رہنما نصرت حسین ، یوتھ اینڈ سول سوسائٹی کے چئیرمن مولانا اکبر وزیری ، بی این ایف کے رہنما یوسف ناشاد ، جی بی یوتھ آرگنائزیشن کے چیئرمین مظفر اعظم ، عوامی ایکشن کمیٹی دیامر کے رہنما اقبال ، جے کے ایل ایف کے رہنما صاحب خان ، بانی رہنما عوامی ایکشن کمیٹی حاجی نائب خان ،ڈاکٹر مظفر ریلے ، سمیت دیگر اسٹیک ہولڈرز کے وفود ، یوتھ کے زمداران اور سینکڑوں کارکن شریک ہوئے۔ اجلاس میں متفقہ طور پر شرکا نے ہاتھ اٹھاکر گرینڈ جرگہ بلاکر گلگت بلتستان کا قومی بیانیہ تشکیل دینے کا اعلان کیا۔اجلاس میں قومی جرگے کا انعقاد کرکے گلگت بلتستان کے قومی شناخت ،قومی وسائل ، زمینوں ، سوست بارڈر سمیت غصب شدہ حقوق کے فیصلے عوامی اسمبلی کے زریعے خود کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے قائدین نے کہا کہ گلگت بلتستان کی عوام اپنی زمینوں اور وسائل کے مالک کل بھی تھے آج بھی ہیں اور ہمیشہ رہینگے کسی کو بھی اپنا حق چھیننے کی اجازت نہیں دینگے ۔سوست بارڈر پر این ایل سی اور دیگر اداروں نے قبضہ کرکے چھوٹے تاجروں کیلئے کاروبار کرنا مشکل بنایا ہوا ہے بارڈر پاس پر بے جا مشکل شرائط کے زریعے بارڈر پاس کا حصول مشکل بنایا ہوا ہے ۔ اگر فوری طور پر فری بارڈر پاس اور گلگت بلتستان کو ٹیکس فری زون قرار دیکر مقامی تاجروں کو آزادی سے کاروبار کرنے نہیں دیا گیا تو سوست کی طرف لانگ مارچ کا اعلان کرینگے۔ دیامر کی عوام تقریبا دو ماہ سے دھرنے پر ہیں لیکن حکومت ٹس سے مس نہیں ، عوامی ایکشن کمیٹی دیامر کے علما کے منتظر ہیں جس دن دیامر کے علما کال دینگے پورے جی بی سے دیامر کی طرف لانگ مارچ کا اعلان کرینگے پھر حکمرانوں کو چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی۔گلگت بلتستان کی معدنیات کا غیر مقامی سرمایہ داروں کے زریعے لوٹ مار کا سلسلہ جاری ہے غیر قانونی لیزز کا فوری خاتمہ کیاجائے ، عوامی ایکشن کمیٹی قومی جرگے میں اس حوالے سے پالیسی ترتیب دیگی عوام اپنے پہاڑوں اور معدنیات کی خود حفاظت کریں گے۔ گرین کمپنی جو گلگت بلتستان کے سیاحتی مقامات اور زمینوں پر قابض ہے اگر فوری طور پر گرین ٹورازم کو گلگت بلتستان سے بے دخل نہیں کیا گیا تو عوامی طاقت سے گلگت بلتستان سے بھگا دینگے۔عوامی ایکشن کمیٹی گلگت بلتستان کے تمام اضلاع کے قائدین و کارکنان آج سے قومی جرگے کیلئے بھرپور تیاری اور رابطہ مہم کا آغاز کریں مرکزی قائدین تمام اضلاع اور تحصیلوں کے دورے کرینگے اور عوام کو متحرک کرینگے۔تاریخی قومی جرگہ گلگت بلتستان کے بہتر مستقبل کا ضامن ہوگا جسمیں گلگت بلتستان کی آٹھ دہائیوں کی محرومیوں پر بات ہوگی اور تمام قومی ایشوز پر حکمت عملی ترتیب دی جائیگی عوام ، علما، نوجوان ، بوڑھے ، خواتین ، طلبہ سب اسی تاریخی جرگے میں شامل ہونگے۔
ایکشن کمیٹی کا قومی بیانیہ تشکیل دینے کیلئے گرینڈ جرگہ بلانے کا اعلان
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل
