Skip to content
گلگت(سٹاف رپورٹر) گرینڈ ہیلتھ الائنس نے صوبائی حکومت سے کامیاب مذاکرات کے بعد مشروط طور پر اپنی ہڑتال ملتوی کر دی ہے۔ آج سے تمام ہسپتالوں کے او پی ڈیز اور پرائیویٹ کلینکس کھل جائیں گی۔ گرینڈ ہیلتھ الائنس کے رہنماوں ڈاکٹر آصف حسین’ ڈاکٹر بہادر شاہ اور ڈاکٹر اعجاز علی نے وزیر اعلی گلگت بلتستان حاجی گلبر خان سے ملاقات کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلی گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے گرینڈ ہیلتھ الائنس کے رہنماوں سے ملاقات میں کہا ہے کہ ڈاکٹروں کی عمر 65 سال کرنے کے قانون کو واپس لینے کے لیے کابینہ سے منظوری لی جائے گی اور آنے والے اسمبلی اجلاس میں اس بل کو پیش کر کے مکمل ختم کیا جائے گاکیونکہ اسمبلی سے ہی ڈاکٹروں کی ریٹائرمنٹ کی عمر 65 سال کرنے کا بل منظور ہوا تھا اور اس بل کو اسمبلی ہی ختم کر سکتی ہے۔ گرینڈ ہیلتھ الائنس کے رہنماو¿ں نے کہا کہ وزیر اعلی گلگت بلتستان نے پیرا میڈیکل اسٹاف کے سروس سٹرکچر کے کنکرنس کے مسئلے کو فنانس ڈیپارٹمنٹ کے ذریعے مقامی سطح پر ہی حل کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے جو کہ ہیلتھ الائنس کا مطالبہ تھا۔ وزیر اعلی نے ڈاکٹروں کے لئے رسک الاونس کی فائل دوبارہ اسلام آباد بھیج کر منظوری کے لئے کوششیں تیز کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے اور ڈاکٹروں کی تنظیمیں بھی کام کریں گےانہوں نے کہا کہ وزیر اعلی گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے گرینڈ ہیلتھ الائنس کے مطالبے پر ڈاکٹروں کے لئے 20 گریڈ کی پوسٹوں کا تناسب بڑھانے کے مطالبے کو منظور کیا۔ اور صوبائی کابینہ سے منظوری لینے کی یقین دہانی کرائی ہے جس سے ڈاکٹروں کا گریڈ 17 سے 20 گریڈ تک پروموشنز کا مسئلہ حل ہو جائے گا۔ گرینڈ ہیلتھ الائنس کے رہنماو¿ں نے کہا کہ سیکریٹری صحت اور پرنسپل سیکرٹری بھی اجلاس میں موجود تھے جبکہ وزیر صحت آن لائن تھے۔ صوبے کا چیف ایگزیکٹو مطالبات منظوری کی ذمہ داری لیتا ہے تو مشاورت کے بعد متفقہ طور پر فیصلہ کیا ہے کہ تمام ہسپتالوں کی او پی ڈیز مریضوں کے لئے کھول دی جائیں گی اور کلینکس بھی کھلیں گے البتہ تمام ڈاکٹرز علامتی طور پر بازوو¿ں پر کالی پٹیاں باندھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ دو دن بعد ہونے والے کابینہ اجلاس میں واضح ہوجائے گا کہ حکومت کس حد تک ڈاکٹروں کے مطالبات منظور کرتی ہے جس کے بعد اگلا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔ کابینہ اجلاس میں مطالبات منظور ہوئے تو دو ہفتے کا وقت دیں گے کہ کالے قانون سمیت دیگر مطالبات منظور کئے جائیں اگر ڈاکٹروں کے ساتھ دغا بازی کی گئی تو مزید سخت احتجاج کیا جائے گا اور او پی ڈیز بند کرنے کے ساتھ آخری حد تک جائیں گے
اگر آپ کو کسی مخصوص خبر کی تلاش ہے تو یہاں نیچے دئے گئے فارم کی مدد سے تلاش کریں