استور ضمنی انتخاب، چیف کورٹ کا حکم معطل، الیکشن کمیشن کو کارروائی جاری رکھنے کا حکم

گلگت (نمائندہ خصوصی) سپریم اپیلیٹ کورٹ گلگت بلتستان نے جی بی اسمبلی کے حلقہ 13 استور 1 کے صمنی انتخاب کے نتیجے سے متعلق چیف کورٹ جی بی کے 19 ستمبر کے فیصلے کو معطل کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کو اپنی کاروائی جاری رکھنے کا حکم دیا ہے۔الیکشن کمیشن جی بی نے 9 ستمبر کو ہونے والے جی بی اے 13 استور 1 کے ضمنی الیکشن کا سرکاری نتیجہ روکنے کا حکم دیا تھا۔اور اس حوالے سے کمیشن کی جانب سے نوٹیفیکشن بھی جاری کیا گیا تھا۔جس کے خلاف ضمنی انتخاب میں غیر سرکاری نتائج کے مطابق کامیاب ہونے والے پی ٹی آئی کے امیدوار جسٹس(ر) محمد خورشید خان کی درخواست پر چیف کورٹ نے اس نوٹیفکیشن کو 19 ستمبر کو معطل کردیا تھا۔چیف کورٹ کے اس فیصلے کے خلاف دوسری پوزیشن پر آنے والے مسلم لیگ ن کے امیدوار رانا فرمان علی نے سپریم اپیلیٹ کورٹ جی بی میں اپیل دائر کی تھی۔جس پر سپریم اپیلیٹ کورٹ جی بی کے چیف جسٹس سردار محمد شمیم خان نے منگل کے روز چیف کورٹ کا فیصلہ معطل کرتے ہوئے الیکشن کمیشن گلگت بلتستان کو جی بی اے 13 استور 1 کے ضمنی الیکشن منعقدہ 9 ستمبر کے سرکاری نتیجے سے متعلق الیکشن کمیشن کو اپنی کارروائی جی بی کے الیکشن ایکٹ 17 سیکشن 16 کے تحت جاری رکھنے کا حکم دیا ہے۔اس اہم مقدمے کی اگلی سماعت 24 اکتوبر کی تاریخ مقرر کی گئی ہے۔جس کے لیے سپریم اپیلیٹ کورٹ کے رجسٹرار آفس کی جانب سے فریقین کو نوٹسز بھی جاری کردیے گئے ہیں

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں