کسی بھی علاقے میں ہوائی فائرنگ کی گئی تو فوری طور پر ایف آئی آر درج کی جائے،شمس لون

گلگت(سٹاف رپورٹر) گلگت بلتستان کے صوبائی وزیر داخلہ شمس لون نے گلگت شہر میں ہوائی فائرنگ کا سخت نوٹس لیتے ہوئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو حکم دیا ہے گلگت بلتستان کے کسی بھی علاقے میں ہوائی فائرنگ کی گئی تو فوری طور پر قانونی کاروائی کرتے ہوئے ایف آئی آر درج کی جائے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ شمس لون نے کہا کہ گلگت بلتستان میں ستمبر کے بعد شادی بیاہ کی تقریبات بہت زیادہ ہوتی ہیں۔ گلگت شہر میں شدید ہوائی فائرنگ کی جاتی ہے جس پر صوبائی حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ کسی بھی شادی یا دوسری تقریب میں ہوائی فائرنگ کی گئی تو قانون فوری حرکت میں آئے گا اور فائرنگ کرنے والے اسلحہ بردار افراد کو گرفتار کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ عوام ضرور خوشی منائیں مگر فائرنگ کرنے نہ صرف عوام میں خوف و ہراس میں مبتلا کیا جاتا ہے بلکہ سیاح بھی پریشان ہوجاتے ہیں لہٰذا وزیر اعلی کی سربراہی میں ہونے والے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ ہوائی فائرنگ کرنے والا خواہ کوئی بھی شخص ہو حتی کہ دولہا بھی فائرنگ کرے تو ایف آئی آر درج کر کے حوالات میں بندکیا جائےگا۔ انہوں نے کہا شادی بیاہ کی خوشیوں کو دوبالا کرنے کے دس اور طریقے ہیں نہ کہ ہتھیار اٹھا کر دوسروںکا چین سکون برباد کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت امن و امان پر کسی بھی صورت میں کوئی سمجھوتہ نہیں کریگی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں